پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندوؤں نے ’’رکشا بندھن‘‘ تہوار منایا


کراچی (نیوزلائن) سندھ سمیت ملک اور دنیا بھر میں بسنے والی ہندو برادری نے اپنا مذہبی تہوار ’’رکشا بندھن‘‘ روایتی اورمذہبی جوش و جذبے سے منایا۔ ساون کے مہینہ میں راکھی رکشابندھن تہوار کے دن بھائی اپنی بہن سے ہاتھ پر راکھی بندھوا کر بھائی بہن کے مقدس رشتے کو مضبوط کرنے کا عہد کیا جاتا ہے۔ہندو عقیدے کے مطابق رکشا بندھن ایسا تہوار ہے جو بہن اور بھائی کے مقدس رشتے میں مزید محبتوں کے رنگ بھردیتا ہے۔ اس تہوار میں ایک بہن اپنے بھائی کی لمبی عمر اوراس کی خوشحال زندگی کی دعاکرتی ہے جبکہ اس کا بھائی اپنی کلائی پر راکھی بندھوا کر اپنی بہن کی حفاظت کا عہد کرتا ہے جس سے بہن اور بھائی کے رشتے میں محبت، خلوص اور سچائی پیدا ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں’’این این آئی‘‘ کو سندھ کے معروف ماہر پامسٹ اور علم نجوم بھگوان داس نے بتایا کہ ہندو دھرم میں ’’رکشابندھن‘‘راکھی باندھنے کا تہوار انتہائی مقدس اور بھائی بہن کے پریم محبت کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔ ہندو دھرم میں ماتا لکشمی دیوی نے اپنے شوہر وشنو بھگوان کو راجہ بھلی کی قید سے چھڑانے اور رہائی دلانے کے لئے لکشمی دیوی نے راجہ بھلی کے ہاتھ پر راکھی ’’رکشا بندھن‘‘ کا دھاگہ باندھ کر راجہ بھلی کو بھائی بنا یا اور وشنو بھگوان کو آزاد کراکر لکشمی دیوی نے راجہ بھلی سے اپنے شوہر وشنو بھگوان کی حفاظت کاوچن لیا۔ اس دن سے دنیا بھر سمیت پاکستان ہندوستان میں بسنے والے ہندو بھائی بہن کے اس مقدس رشتے کو ہرسال بہن اپنے بھائی کے ہاتھ پر راکھی باندھ کر بھائی بہن کے مقدس رشتے کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ بھائی بہن کے سچے پریم محبت کے اظہار کا بھی دن ہے۔ ’’این این آئی‘‘کو راکھی فروخت کرنے والے دوکاندار پریم بجیر نے بتایا کہ یہ راکھی مختلف کلر فل دھاگوں اور خوبصورت موتیوں کیساتھ مختلف خوبصورت دیدہ زیب نمونوں میں تیار کی جاتی ہے اور پھر ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد یہ راکھی خرید کر ’’رکشا بندھن‘‘”کی رسم ادا کی جاتی ہے۔ راکھی کے وقت بہن بھائی کی حفاظت سلامتی کے لئے آرتھی خصوصی پوجا کرتی ہے۔ بھائی اس موقع پر عہد کرتا ہے کہ میں ہرحال میں بہن کی حفاظت ’’رکشا ‘‘کرونگا۔ بہن بھائی کو مٹھائی کھلاتی اور دعائیں دیتی ہے جبکہ بھائی اپنی حیثیت کے مطابق بہن کو گفٹ اور خرچ دیتا ہے۔رکشا بندھن تہوارکی مناسبت سے مختلف کلر فل دھاگوں اور خوبصورت موتیوں کیساتھ مختلف خوبصورت دیدہ زیب نمونوں میں تیار کی جانے والی راکھی ودیگر اشیاء کی خریدوفروخت عروج پررہی۔ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے راکھی خرید کر “رکشا بندھن “کی رسم ادا کی اور بہن بھائی کی حفاظت و سلامتی کے لئے آرتھی خصوصی پوجا کی گئی جبکہ اس موقع پرتحائف کا بھی تبادلہ کیا گیا۔

Related posts