پروسیسنگ ملز مالکان کے وفد کی چیف ایگزیکٹو فیسکو سے ملاقات


فیصل آباد(نیوزلائن)چیف ایگزیکٹو فیسکو مجاہد اسلام باللہ نے کہا ہے کہ صنعتوں کوبلاتعطل بجلی کی فراہمی کمپنی کی اولین ترجیح ہے،صنعتیں لوگوں کو روزگارکی فراہمی،ملکی معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار اداکررہی ہیں اور صنعتی صارفین کا فیسکو کے ریونیو میں نمایاں حصہ ہے وہ فیسکو ہیڈکوارٹرز میں آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسسنگ ملز ایسوسی ایشن( اپٹپما) کے وفد سے خطاب کر رہے تھے جس نے چئیرمین شیخ خالد حبیب کی قیادت میں ان سے ملاقات کی وفد کے دیگر اراکین میں شیخ محمد امجد سابقہ چئیرمین اپٹپما، چوہدری حبیب احمد گجرسابقہ ریجنل چئیرمین اور شیخ محمد اشرف سیکرٹری شامل تھے۔ اس موقع چیف ایگزیکٹو فیسکو نے کہا کہ لائن لاسز میں ریکارڈ کمی اور 100فیصد ریکوری فیسکو افسران اورملازمین کی شبانہ روز محنت اور کوششوں کا نتیجہ ہے جس کیلئے وہ صارفین بجلی کے بھرپور تعاون پر ان کے بھی مشکور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صارفین بجلی کا اطمینان فیسکو کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ مطمئن صارف ہی کمپنی کی اعلیٰ کارکردگی کا عکاس ہوتا ہے۔ انھوں نیبتایا کہ فیسکو کے 37لاکھ زائد صارفین فیسکو کے نیٹ ورک کا حصہ بن کر اپنے موبائل فون پر بذریعہ ایس ایم ایس میٹر ریڈنگ سے متعلق معلومات حاصل کررہے ہیں۔اس موقع پر چئیرمین اپٹپما شیخ خالد حبیب نے فیسکو کے اعلیٰ کارکردگی کی تعریف کی اور صارفین بجلی کو سہولیات کی فراہمی پر چیف ایگزیکٹو فیسکو کی خدمات کو سراہا ۔ انھوں نے کہا کہ فیسکو کیلئے پیپکو اور IEEEکی جانب سے بیسٹ ڈسٹری بیوشن کمپنی کا ایوارڈاور چیف ایگزیکٹو فیسکو مجاہد اسلام باللہ کی خدمات کو سراہا جانا فیسکو کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے جس کیلئے چیف ایگزیکٹو مجاہد اسلام باللہ اور ان کی پوری ٹیم بجا طور پر مبارکباد کی مستحق ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ فیسکو کا تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں اول پوزیشن حاصل کرنا اہلیان فیصل آباد کیلئے فخر کی بات ہے ۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ فیسکو مستقبل میں بھی چیف ایگزیکٹو مجاہد اسلام باللہ کی قیادت میں صارفین بجلی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی جاری رکھے گی۔ بعدازاں چئیرمین اپٹپماشیخ خالد حبیب نے چیف ایگزیکٹو فیسکو کو اپٹپما کی طرف سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

Related posts