پنجاب :اخبارات کو سرکاری اشتہارات میں 500کھرب کی کرپشن


فیصل آباد(احمد یٰسین)مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے اخبارات کو دئیے گئے اشتہارات میں 500کھرب سے زائد کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ پنجاب کی سرکار دس برس تک مختلف اخبارات کو زائد نرخوں پر‘ بوگس ریٹ کارڈ پر اشتہارات جاری کرتی رہی۔قومی خزانے کو 500کھرب کا نقصان پہنچاتی رہی۔ قومی خزانے کو کھربوں روپے کا نقصان پہنچانے میں براہ راست سابق وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف ملوث پائے جارہے ہیں جو اپنے دور میں وزیر اطلاعات بھی خود ہی تھے۔ جبکہ اس معاملے میں متعدد محکموں کے اعلیٰ افسران کے ملوث ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔نیوزلائن کے مطابق مسلم لیگ ن کی پنجاب حکومت کے دس سالہ دور میں اخبارات کو بے دریغ اشتہارات دئیے گئے۔ان میں سے بہت بڑی تعداد میں اشتہارات بوگس اور ’’ڈمی‘‘ اخبارات کو دے کر صوبائی وزارت اطلاعات کے افسران اپنا حصہ وصول کرتے رہے۔ ذرائع کے مطابق اخبارات کو زائد نرخوں پر اشتہار جاری کئے گئے۔سالہا سال تک اخبارات کی سرکولیشن اور سرکاری ریٹ کی مقرری کی انسپکشن نہیں کی گئی۔ذرائع کے مطابق ایسے اخبارات کو بھی اشتہار جاری ہوئے جن کا نام بھی کبھی عوام نے نہیں سنا۔ ایسے ایسے نادر ونایاب اخبارات کو سرکاری اشتہارات جاری کردئیے گئے جو کبھی 50سے زائد شائع نہیں ہوئے۔ پنجاب حکومت نے ایسے اخبارات کو بھی سرکاری اشتہارات جاری کئے جن کے سرکولیشن سرٹیفکیٹ اور ریٹ کارڈ ہی مشکوک ہیں۔ مشکوک ریٹ کارڈ کیساتھ کروڑوں روپے کے اشتہارات غیرقانونی طور پر جاری کردئیے گئے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے انتہائی زائد نرخوں پر بھی اشتہارات جاری کئے جاتے رہے۔ اس معاملے میں سرکاری افسران کی بڑی تعداد بھی ملوث ہے جبکہ براہ راست سابق ’’خادم اعلیٰ‘‘ پنجاب میاں شہباز شریف بھی ملوث ہیں جو کہ اپنے دور میں وزارت اطلاعات کے معاملات بھی خودہی دیکھتے تھے۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت بھی ملوث رہی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی پنجاب اور وفاقی حکومت نے بوگس اخبارات کو اشتہارات جاری کرکے اور زائد نرخوں پر سرکاری اشتہارات جوری کرکے قومی خزانے کو 500کھرب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا ابتدائی تخمینہ ہی 500کھرب لگایا جا رہا ہے جبکہ اس معاملے میں تفصیلی انکوائری ہونے اور فرنزک آڈٹ کروائے جانے پر یہ نقصان دو سے تین گنا بڑھ بھی سکتا ہے۔

Related posts