پنجاب حکومت کی پرائیویٹ کمپنیوں سے سیاسی شخصیات فارغ


فیصل آباد(نیوزلائن)پنجاب حکومت کی پرائیویٹ کمپنیوں سے سیاسی شخصیات کو فارغ کردیا گیا۔ فیصل آباد پارکنگ کمپنی، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، کیٹل منڈی مینجمنٹ کمپنی اور ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے بورڈز سیاسی افراد کے بغیر نئے تشکیل دیدئے گئے ۔نیوزلائن کے مطابق کیٹل منڈی مینجمنٹ کمپنی کے سربراہ کمشنر، ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے سیکرٹری انڈسٹری، پارکنگ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈپٹی کمشنر ہونگے۔ نئے بورڈز میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی سمیت کسی بھی سیاسی شخصیت کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ قبل ازیں سابقہ دور حکومت میں ان کمپنیز کے بورڈز میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی حکومت کے منظور نظر افراد کو نوازا جاتا تھا مگر اب نئے تشکیل دیئے گئے کسی بورڈ میں سیاسی شخصیات کو شامل نہ کیا گیا ہے۔ پارکنگ کمپنی بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ڈپٹی کمشنر، ایم ڈی پارکنگ کمپنی، سی ٹی او، ایس ایس پی آپریشن، اے ڈی ای ہیڈ کوارٹر، نمائندہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈاکٹر کرن اربن یونٹ لاہور، لیاقت علی سابق ای ڈی او میونسپل سروسز، خواجہ شاہد رزاق سکا، مدثر نسیم، سالڈویسٹ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ڈپٹی کمشنر، ایم ڈی ایف ڈبلیو ایم سی، رضوان اشرف، شیخ دانش، چوہدری نواز، ممبر فنانس ڈیپارٹمنٹ، ممبر لوکل گورنمنٹ، ممبر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، ممبر اربن یونٹ شامل ہیں جبکہ سالڈ ویسٹ بورڈ سے میئر اور تینوں ڈپٹی میئرز کو فارغ کیا گیا ہے۔

Related posts