پنجاب میں جرنلسٹ ہیلتھ کارڈ‘ گروپ انشورنس کیلئے لسٹیں فائنل




فیصل آباد (نیوز لائن) پنجاب کے صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کرنے اور گروپ انشورنس کیلئے لسٹوں کی تیاری مکمل کرلی گئی ۔ لسٹوں کو ریجنل بنیادوں پر الگ الگ تیار کیا گیا ہے ۔ فیصل آباد ریجن کی لسٹ میں 12سوکے قریب صحافی شامل ہیں۔توقع کی جارہی ہے کہ رواں مالی سال کے دوران ہی صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ اور گروپ انشورنس کی سہولت مل جائے گی۔ تفصیل کے مطابق پی ٹی آئی نے پنجاب میں برسراقتدار آتے ہی پنجاب بھر کے صحافیوں کو خصوصی مراعات دینے کیلئے کام شروع کردیا تھا۔ صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اس حوالے سے ہنگامی کام کیا صوبے کے تمام اضلاع کے صحافیوں کی لسٹیں تیار کروائیں۔ صحافیوں کی لسٹیں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک ریلیشن کے ذریعے تیار کروائی گئیں تاکہ اس میں کسی بھی طرح کی تحریف و اضافے اور بوگس افراد کی شمولیت کو کم سے کم رکھا جا سکے۔صوبائی وزارت اطلاعات کے ذرائع کے مطابق تمام لسٹوں کوریجن اور اضلاع کے حساب سے مرتب کیا گیا ہے۔ صوبہ بھر کی مجموعی لسٹوں میں آٹھ ہزار کے لگ بھگ افراد شامل ہیں ۔ فیصل آباد ریجن کی لسٹ میں 12سو کے قریب افراد شامل ہیں۔ فیصل آباد ریجن میں فیصل آباد ‘ جھنگ ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ ‘ چنیوٹ کے اضلاع کے علاوہ ریجن کی 9تحصیلوں جڑانوالہ‘ تاندلیانوالہ‘ سمندری‘ جھمرہ‘ گوجرہ‘ پیرمحل‘ کمالیہ‘ شورکوٹ‘ اٹھارہ ہزاری کے صحافی بھی شامل کئے گئے ہیں۔لسٹیں فائنل کرلی گئی ہیں اور ان پر حکومت نے مزید کام شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ہی جرنلسٹوں ہیلتھ کارڈ اور گروپ انشورنس پالیسی کا اجراء ہو جائے گاہیلتھ کارڈ کی سالانہ حد ساڑھے چھے لاکھ رکھی جائے گی جبکہ گروپ انشورنس کی مالیت دس لاکھ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Related posts