پنجاب کی 23رکنی کابینہ فائنل‘ علیم خان سینئر وزیر ہوں گے


اسلام آباد(نیوزلائن)پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب کی 23رکنی کابینہ فائنل کرلی ہے۔ کابینہ میں فیصل آباد سے دو وزیر لئے جارہے ہیں۔ علیم خان پنجاب کے سینئر وزیر ہوں گے۔ یاسمین راشد کو پرائمری ہیلتھ کیساتھ‘ سپیشلائزڈ ہیلتھ اور ہیلتھ میڈیسن کے شعبے بھی دیدئے جائیں گے۔ نیوزلائن کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کی 23رکنی کابینہ کو حتمی شکل دیدی ہے۔ کابینہ میں فیصل آباد سے چوہدری ظہیرالدین خان اور حافظ ممتاز کو شامل کیا جا رہا ہے۔ حافظ ممتاز ایکسائز کے وزیر ہوں گے جبکہ چوہدری ظہیرالدین کا محکمہ ابھی فائنل نہیں ہوا۔ علیم خان کو کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور بلدیات کی وزارت دی جائیگی تاہم وہ سینئر وزیر بھی ہوں گے۔ میاں محمود الرشید کو ہاؤسنگ‘ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا قلمدان دیا جائیگا۔ یاسمین راشد کو صحت سے متعلقہ تمام شعبے دئیے گئے ہیں۔ میاں اسلم اقبال کو انڈسٹریز‘ کامرس اینڈ انویسٹمنٹ‘ مخدوم ہاشم کو خزانہ‘ حافظ ممتاز کو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن‘ فیاض الحسن اطلاعات اینڈ کلچر‘ سمیع اللہ خوراک‘ یاسر ہمایوں ہائیر ایجوکیشن اینڈ ٹورازم‘ مراد راس کو سکول ایجوکیشن‘ راجہ بشارت کو قانون و پارلیمانی امور‘ محسن لغاری کو آبپاشی‘ تیمور خان کو امور نوجوانان اور کھیل‘ راشد حفیظ ریونیو‘ انصر مجید نیازی کو لیبر اینڈ مین پاور کی وزارت دی جارہی ہے۔ چوہدری ظہیرالدین کے علاوہ ہاشم ڈوگر‘ آصف نکئی‘ عمار یاسر‘ سبطین خان‘ حسنین دریشک‘ نعمان لنگڑیال‘ محمد انور کے محکمے ابھی فائنل نہیں کئے گئے۔

Related posts