پولیس انسپکٹر ٹارگٹ کلنگ گینگ کیس کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت

فیصل آباد (احمد یٰسین) مسلم لیگ ن کی حکومت کے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کی سرپرستی میں پولیس انسپکٹر ٹارگٹ کلنگ گینگ کیس کی تحقیقات میں پولیس نے اہم پیش رفت کرلی ہے اور رانا ثناءاللہ کے داماد احمد شہریار کے بعد آئندہ چند دنوں میں بڑی گرفتاریوں کی توقع ہے۔ پولیس نے ٹارگٹ کلنگ گینگ کیس میں متعدد پولیس افسران کو بھی شامل تفتیش کیا ہے۔ متعدد سیاسی شخصیات بھی اس کی زد میں آتی جارہی ہیں۔ رانا ثناءاللہ کے داماد کے بھی اہم اعترافات کرنے کی رپورٹس سامنے آرہی ہیں۔ نیوز لائن کے مطابق فیصل آباد میں سابق وزیر قانون رانا ثناءاللہ خاں کی سرپرستی میں پولیس انسپکٹر رانا فرخ وحید ٹارگٹ کلنگ گینگ کے سرگرم ہونے کی اطلاعات کافی عرصہ سے سامنے آتی رہی ہیں۔ سابق سی پی او فیصل آباد سہیل حبیب تاجک کے دور میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق چیئرمین مارکیٹ کمیٹی علی اصغر بھولا گجر کے قتل کی تفتیش کے دوران یہ ٹارگٹ کلنگ گینگ سامنے آیا تھا۔ اس گینگ کا اہم رکن پولیس انسپکٹر رانا فرخ وحید اسی وقت سے بیرون ملک فرار ہے۔ سابق وزیر قانون کے حلقے کے دو بھائیوں آصف بٹ وغیرہ کے قتل کے حوالے سے بھی اسی گینگ کا نام سامنے آتا رہا۔ آصف بٹ کے ورثاءبراہ راست رانا ثناءاللہ کو قتل میں ملوث قرار دیتے رہے ہیں۔ پولیس نے چند قبل ہی رانا ثناءاللہ کے داماد احمد شہریار کو آصف بٹ قتل کیس میں گرفتار کیا تو تفتیش کے دوران اہم انکشافات ہوئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق احمد شہریار نے تفتیش کے دوران متعدد اعترافات کئے ہیں اور مذکورہ ٹاگٹ کلنگ گینگ کے اہم شوٹر ”علی کمانڈو“ کے ہاتھوں ہی اس قتل کے ہونے کے ثبوت سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد پولیس نے ڈی ایس پی گلبرگ عثمان وڑائچ ‘ اور انسپکٹر مظہرالحق سے بھی ٹارگٹ کلنگ گینگ کیس کے حوالے سے شامل تفتیش کیا ہے اور اعلیٰ پولیس افسران کی ایک ٹیم نے آر پی او آفس میں ان سے پوچھ گچھ کی ہے۔ ڈی ایس پی ملک خالد پہلے ہی اس معاملے میں شامل تفتیش ہیں۔ جبکہ متعدد دیگر پولیس افسران کو شامل تفتیش کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹارگٹ کلنگ گینگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ صرف آصف بٹ ہی نہیں متعدد دیگر وارداتوں کی کڑیاں بھی ساتھ ملی ہیں۔ تاہم پولیس قانونی مشکلات کے باعث معاملے کو محدود رکھے ہوئے ہے۔ آئندہ چند دنوں میں اس معاملے میں بڑی گرفتاریاں متوقع ہیں۔

Related posts