پولیس فورتھ شیڈول میں شامل افراد کا ڈیٹا آن لائن نہ کرسکی


فیصل آباد(نیوز لائن)انتظامیہ اور پولیس کی عدم دلچسپی کی وجہ سے پنجاب بھر میں فورتھ شیڈول کے حامل افرادکا آن لائن ڈیٹا مرتب کرنے کا کام شروع نہ ہو سکا۔ذرائع کے مطابق ہوم ڈیپارٹمنٹ نے اس حوالے سے ایک مراسلہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو بھجوایا تھا کہ وہ ایک ملازم کوفوکل پرسن مقررکریں لیکن فیصل آباد سمیت 23 اضلاع سے فوکل پرسن تاحال تعینات نہیں کئے جا سکے ۔ دیگر اضلاع میں لاہور، ننکانہ، شیخوپورہ قصور،گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، سرگودھا، میانوالی، بھکر، جھنگ، چنیوٹ، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خاں، ڈی جی خان، مظفرگڑھ، لیہ ، ملتان، خانیوال اور لودھراں شامل ہیں۔ فورتھ شیڈول میں عمومی طور پرکالعدم تنظیموں کے ایسے افراد کو شامل کیا جاتا ہے جن کی سرگرمیاں مشکوک ہوں۔ واضح رہے کہ فیصل آباد ریجن میں فورتھ شیڈول میں شامل افرادکی تعداد 241 ہے۔جن میں فیصل آباد ضلع کے 63افراد، جھنگ کے 132افراد، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے26 اور چنیوٹ کے20 افراد شامل ہیں۔

Related posts