پولیس نے فیصل آباد میں سٹریٹ کرائم کے ریڈ زون مارک کرلئے


فیصل آباد (عاطف چوہدری) فیصل آباد پولیس نے فیصل آباد میں ڈکیتی’ راہزنی کے 32ریڈزون کی نشاندہی کر لی ہے۔ سٹریٹ کرائم کی وارداتیں روکنے کیلئے ریڈ زونز میں خصوصی اقدامات کرنے اور پولیس گشت بڑھانے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ ریڈ زونز میں وارداتیں ہونے پر گشت کرنے والی ٹیموں کو سخت کارروائی کئے جانے کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔ نیوز لائن کے مطابق گزشتہ کچھ عرصہ کے دوران فیصل آباد میں سٹریٹ کرائم کی وارداتیں بڑھنے کی رپورٹس سامنے آتی رہی ہیں۔ اعلیٰ پولیس حکام نے فیصل آباد میں مسلسل ہونے والی وارداتوں کے حوالے سے ریسرچ کی تو سامنے آیا کہ فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں بعض ایسے مقامات بھی ہیں جہاں تسلسل کے ساتھ وارداتیں ہورہی ہیں۔ ان علاقوں کو ریڈ زون قرار دے کر مزید ریسرچ کی گئی تو وارداتیں تسلسل کے ساتھ اور مخصوص ایریاز میں ہونے کی رپورٹس درست ثابت ہوئیں۔ اسی تناظر میں پولیس نے فیصل آباد میں 32ریڈ زون مارک کئے ہیں۔ ان مقامات پر پولیس کو خصوصی گشت انتظامات اور مانیٹرنگ کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ سٹریٹ کرائم کے ریڈ زون صرف فیصل آباد شہر میں موجود نہیں ہیں بلکہ نواحی علاقوں میں بھی اس کی نشاندہی کی گئی ہے ۔

Related posts