پولیس نے گٹی میں ہونیوالے تہرے قتل کا سراغ لگا لیا


فیصل آباد(ندیم جاوید)گٹی میں میاں بیوی کو کمسن بچے سمیت قتل کرنیوالے ملزم کوفیصل آباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔ سفاک قاتل کو ڈی ایس پی نشاط آباد اور ایس ایچ او ملت ٹاؤن رانا عبدالغفار کی سربراہی میں پولیس کی خصوصی ٹیم نے موبائل فون ڈیٹا اور دیگر شواہد کی بنیاد پر لاہور سے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے پوچھ گچھ کے دوران اعتراف جرم کرلیا ہے۔ نیوزلائن کے مطابق چند روز قبل تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقہ چک نمبر 202رب گٹی میں جواں سالہ عثمان ‘ اسکی بیوی سونیا کو قتل کردیا گیا تھا۔ ملزم دونوں کو قتل کرکے گھر کو تالا لگا کر فرار ہو گیا تھا۔ جبکہ عثمان کا ایک سالہ بیٹا اس دوران بھوک پیاس سے ایڑیاں رگڑ رگڑ کر موت کا شکار ہو گیا۔ تہرے قتل کی واردات کا سراغ لگانے کیلئے سی پی او فیصل آباد اطہر اسماعیل نے ڈی ایس پی نشاط آباد ملک خالد اور ایس ایچ او ملت ٹاؤن رانا عبدالغفار کو خصوصی ٹاسک دیا۔ پولیس ٹیم نے موبائل ڈیٹا اور دیگر شواہد کی بناء پر لاہور سے مقتول کے قریبی عزیز توقیر کو حراست میں لیا جو قتل والی رات فیصل آباد میں عثمان کے گھر میں موجود بتایا جاتا تھا۔ پولیس ٹیم نے توقیر سے شواہد کی بناء پر پوچھ گچھ کی تو اس نے معمولی تلخ کلامی اور گالم گلوچ کی بناء پر عثمان اور اس کی بیوی سونیا کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔ پولیس ٹیم نے تہرے قتل کی ایف آئی آر میں ملزم توقیر کو نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور چند روز میں ملزم کو میڈیا کے سامنے پیش کرکے قتل کی واردات کا سراغ لگانے اور تمام شواہد بھی سامانے لائے جائیں گے۔

Related posts