پی ٹی آئی رہنما نواز شریف سکیم کے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے پہنچ گئے


فیصل آباد (نیوز لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض احمد مہمان خصوصی بن کر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی شروع کردہ لیپ ٹاپ سکیم کے پانچویں مرحلے کے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے پہنچ گئے۔ نواز شریف کی تصویروں اور ان کی پروگرامنگ کئے ہوئے لیپ ٹاپ راجہ ریاض نے بڑے فخر سے تقسیم کئے اور نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی و ڈیجیٹل میڈیا کی افادیت کے حوالے سے بھاشن بھی دیا ۔ نیوزلائن کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی شروع کردہ لیپ ٹاپ سکیم کے پانچویں مرحلے کے دوہزار لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب جامعہ زرعیہ کے نیو سینٹ ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد تھے جبکہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے مہمان اعزاز کے طو رپر تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں راجہ ریاض احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کیلئے اعلیٰ تعلیم اور ان کیلئے باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی زیرقیادت نوجوانوں کو خودروزگار اور چھوٹے کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کا سلسلہ جلد شروع کر دیا جائے گا جبکہ جامعات کو صحیح معنوں میں دانش گاہ بنانے کیلئے بھی سنجیدہ اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ کے شعبے بھی انتہائی پرکشش ہیں جن میں معمولی تربیت کے بعد نوجوان گھر بیٹھے انٹرنیٹ کے ذریعے ہزاروں روپے کما رہے ہیں لہٰذا انہیں دوسرے شعبوں کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ پر روزگار کے مواقعوں سے بھی فائدہ اٹھانا چاہئے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے کہا کہ جامعہ زرعیہ کو ایک ماڈل دانش گاہ کے طور پر متعارف کروانے کے لئے پرعزم ہیں اور بہتر‘ شفاف اور موثر مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے انتظامی اُمور کو مکمل طور پر آٹومیٹڈکرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک پاکستان ہمیں بہت تکلیفوں اور جدوجہد کے بعد جس مقصد کیلئے حاصل ہوا تھا ‘ ہمیں اس کے حصول کیلئے جہد مسلسل اور خود احتسابی کے جذبے سے پیش رفت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے جنہیں اپنی صلاحیتیوں سے اسے ترقی کے ساحل مراد سے ہمکنار کرنا ہے۔

Related posts