پی ٹی آئی رہنما کے ہاتھوں نواز شریف سکیم کے لیپ ٹاپ تقسیم


ُُُٖفیصل آباد (نیوز لائن) سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی شروع کردہ وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے پانچویں مرحلے کے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں ہوئی ۔ جی سی ویمن یونیورسٹی کی 1060طالبات کو ایچ ای سی کی منظوری کے بعد لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔ میاں نواز شریف کی شروع کردہ سکیم کے لیپ ٹاپ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں فرخ حبیب اور پی ٹی آئی کی خاتون رہنما اور رکن قومی اسمبلی خرم شہزاد کی اہلیہ نازیہ خرم نے تقسیم کئے۔ ماضی میں لیپ ٹاپ سکیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے والی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی پالیمانی سیکرٹری ریلوے میاں فرخ حبیب نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو پہچان کر ان میں نکھار پیدا کریں اور خود کو اس قابل بنائیں کہ مستقبل قریب میں انقلابی رہنما بن کر سامنے آئیں اور اپنی خداداد صلاحیتوں سے ملک کو ترقی یافتہ ملک بنا کر دنیا کے بہترین ممالک کی صف میں لا کھڑا کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی سوچ اور نئی ایجادات متعارف کروا کر ڈیجیٹل مستقبل میں قدم رکھیں اور نوکریاں ڈھونڈنے کی بجائے نوکریاں تقسیم کرنے والے بنیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ویمن یونیورسٹی کی ترقی اور طالبات کی فلاح کے لئے ہمہ تن کوشاں ہیں اور ہر طر ح کی خدمت کے لئے تیار ہیں وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انور نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تہہ دل سے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلوے میاں فرخ حبیب اور محترمہ بیگم نازیہ خرم شہزاد کی مشکور ہیں کہ وہ اپنے انتہائی مصروف و قیمتی وقت میں سے ویمن یونیورسٹی تشریف لائے۔انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ تعلیم میں انتہائی اہم آلہ ہے ٹیکنالوجی کا دور ہے اور اسی ٹیکنالوجی کی بنا پر دنیا گلوبل ویلج کی شکل اختیار کر چکی ہے انہوں نے کہا کہ آج کوئی بھی شعبہ ایسے نہیں جس میں ٹیکنالوجی کا استعمال نہ ہو اس لئے اس ٹیکنا لوجی کا مثبت استعمال کریں اور بہترین نتائج کے ساتھ ملک کی تعمیروترقی میں حصہ لیں ۔محترمہ بیگم نازیہ خرم شہزاد نے کہا کہ ملک کی تعمیر وترقی میں خواتین کا بہت بڑا کردار ہے ہمیں طالبات کو تعلیم کے ایسے مواقع فراہم کرنے ہیں جس سے ان میں خود اعتمادی پیدا ہو اور وہ بلا خوف و ججک کسی بھی میدان میں اپنا لوہا منوانے سے نا گھبرائیں ۔ انچارج شعبہ کمپیوٹر سائنس مس سحر حسنین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انور نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈ پیش کی ۔

Related posts