چلڈرن ہسپتال فیصل آباد میں سروسزکا اعلی معیار برقراررکھنے کا حکم

فیصل آباد (نیوز لائن) قائمقام ڈپٹی کمشنر/ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)طارق خان نیازی نے کہا ہے کہ چلڈرن ہسپتال میں سروسز کے اعلی معیار کو برقرار رکھا جائے تاکہ شہری بچوں کے علاج معالجہ کے سلسلے میں جدید طبی سہولتوں سے کماحقہ مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے یہ بات چلڈرن ہسپتال کے دورہ کے دوران مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ایم پی اے میاں وارث عزیز بھی ان کے ہمراہ تھے۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ایم این اے میاں فرخ حبیب کے بھائی میاں نبیل جاوید اور مختلف شعبوں کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرحبیب بٹر نے شعبہ آؤٹ ڈور‘ ان ڈور اور شعبہ ایمرجنسی میں پیدائش سے لے کر 12 سال تک کی عمر کے بچوں کے لئے مختلف بیماریوں کے علاج کی دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا۔ قائمقام ڈپٹی کمشنراور ایم پی اے نے مریض بچوں کے لئے سرجری کی سہولیات کے علاوہ یورالوجی‘ آرتھوپیڈک‘ نیوناٹالوجی‘ پیڈیاٹرک‘ آئی سی یو‘ نیورالوجی‘ کارڈیالوجی‘ ڈینٹل یونٹ‘ آپتھامالوجی‘ ریڈیالوجی‘ پتھالوجی ڈیپارٹمنٹ‘ اپریشن سنٹر،ڈیکسا سکین،نرسری،میڈیسن سٹور اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور مختلف بیماریوں کے علاج کی معیاری سہولیات کو سراہتے ہوئے صفائی اور اعلی نظم و نسق پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ قائمقام ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کی مزید وسعت و ترقی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے علاج معالجہ کے عمل کاجائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹروسٹاف سے کہا کہ مریض بچوں کی صحت کی بحالی کے لئے دستیاب طبی سہولیات کے ثمرات ان تک پہنچانے میں کوئی کمی نہیں رہنی چاہیے۔انہوں نے زیر علاج بچوں کی صحت اور ان کے والدین سے طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا اورانتظامیہ سے کہا کہ ایشیاء کے بڑے چلڈرن ہسپتال کی اہمیت وافادیت کوبرقرار رکھیں۔انہوں نے شعبہ ایکسرے،تشخیصی لیبارٹری اورآپریشن تھیٹر کی کارکردگی اور ادویات کی دستیابی وفراہمی کے ریکارڈ کو بھی چیک کیا اور کہا کہ کوئی مریض دوائی سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔انہوں نے مختلف شعبوں کے ڈاکٹرز اورانتظامی سٹاف سے بھی ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک ٹیم کی حیثیت سے بھرپور محنت کے ساتھ چلڈرن ہسپتال کے معیار کو مزید بلند کیاجائے۔ایم پی اے وارث عزیز نے کہا کہ شعبہ صحت کی ترقی اور مریضوں کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اسی مقصد کے پیش نظر ہسپتالوں کو جدید وسائل سے آراستہ کیا جارہا ہے اور چلڈرن ہسپتال کو بھی مزید فنڈز فراہم کرکے مریض بچوں کے علاج معالجہ کی سہولتوں میں وسعت لائی جائے گی.انہوں نے چلڈرن ہسپتال کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے اس موقع پر بتایا کہ آؤٹ ڈور پر روزانہ اوسطاء ایک ہزارمریض بچوں کا طبی معائنہ کیا جارہا ہے جبکہ ایمرجنسی میں بچوں کے علاج کے لئے تمام تر جدید سہولیات دستیاب ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مریض بچوں کوآؤٹ ڈور اوران ڈورپر مختلف نوعیت کی ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چلڈرن ہسپتال میں جدید ترین سی ٹی سکین مشین پر ٹیسٹ کی سہولت اب چوبیس گھنٹے دستیاب ہے۔انہوں نے جدید سٹی سکین،ڈیکسا سکین اور دیگر مشینری کی دستیابی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال کے لئے مزید 60 ڈاکٹرزآئندہ چندروز میں چارج سنبھال لیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کے مستقبل کے منصوبوں میں پیش رفت کے لئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم دستیاب وسائل میں بہترین میڈیکل سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

Related posts