چلڈرن ہسپتال ڈاکٹرز کی پوسٹ گریجوایشن ٹریننگ کے لئے منظور


فیصل آباد (نیوز لائن) چلڈرن ہسپتال و انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کوڈاکٹرز کی پوسٹ گریجوایشن ٹریننگ کے لئے منظور کرلیا گیا ہے اس سلسلے میں ڈاکٹرز ایم سی پی ایس اور ایف سی پی ایس کی ڈگری کیلئے چلڈرن ہسپتال میں تربیت حاصل کرسکیں گے۔کالج آف فزیشن اینڈ سرجن پاکستان کی طرف سے منظوری کا مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ایف سی پی ایس میں پیڈیاٹرکس اور نیونا ٹل پیڈیاٹرکس جبکہ ایم سی پی ایس میں پیڈ یاٹرکس اورانستھزیالوجی کے شعبوں میں ٹریننگ حاصل کریں گے۔ جس کی ٹریننگ کے لئے چلڈرن ہسپتال میں تمام تر ضروری سہولیات وانتظامات دستیاب ہیں جو اس ہسپتال کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ذرائع کے مطابق کالج آف فزیشن اینڈ سرجن پاکستان کی طرف سے چلڈرن ہسپتال کو ایف سی پی ایس اور ایم سی پی ایس کے شعبوں میں ڈاکٹرز کی ٹریننگ کے لئے منظوری اعزاز کی بات ہے جس کی بدولت نہ صرف بچوں کی مختلف بیماریوں سے علاج معالجہ کے حوالے سے مزید وسائل حاصل ہونگے بلکہ یہاں سے بچوں کی بیماریوں کے علاج کے ماہر ڈاکٹرز تیار ہونگے۔محکمہ صحت کے حکام کا دعویٰ ہے کہ چلڈرن ہسپتال کالج آف فزیشن اینڈ سرجن پاکستان کی تمام شرائط اور قوائد وضوابط کی مکمل طور پر پابندی کرتے ہوئے زیر تربیت ڈاکٹرز کو ضروری مراعات فراہم کرے گا۔

Related posts