چوہدری شیر علی نے مریم نواز کے دورہ فیصل آباد کا بائیکاٹ کردیا

فیصل آباد (احمد یٰسین) میاں نواز شریف کے قریبی ساتھی اور میاں شہباز شریف کے قریبی عزیز ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق میئر چوہدری شیر علی نے مریم نواز کے دورہ فیصل آباد کا بائیکاٹ کردیا۔ مریم نواز کی فیصل آباد آمد‘ ریلی نکالنے اور جلسہ سے چوہدری شیر علی اور عابد شیرعلی نہ صرف لاتعلق ہیں بلکہ اس کی بھرپور مخالفت بھی کررہے ہیں۔ نیوز لائن کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی متوقع طور پر 21جولائی کو فیصل آباد کا دورہ کریں گی۔وہ فیصل آباد میں ریلی بھی نکالیں گی اور منشیات سمگلنگ کیس میں گرفتار سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے گھر جاکر ان کی اہلیہ کے ساتھ یک جہتی کا اظہار بھی کریں گی۔ مریم نواز کے دورہ فیصل آباد کے انتظامات کرنے اور استقبالیہ کیمپ لگانے کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے ضلعی و سٹی عہدیدار اور متعدد رہنما سرگرم ہیں تاہم سابق میئر چوہدری شیر علی اور ان کا گروپ مریم نواز کے دورہ سے مکمل طور پر لاتعلق بیٹھا ہے۔ چوہدری شیر علی کے حوالے سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ وہ مریم نواز کے دورہ فیصل آباد سے ناخوش ہیں۔ اے این ایف کے ہاتھوں منشیات سمگلنگ کے الزام میں گرفتار رانا ثناء اللہ کے دور اقتدار میں چوہدری شیر علی رانا ثناء اللہ کیخلاف پریس کانفرنسیں بھی کرتے رہے ہیں اور کھلے عام الزامات عائد کرتے تھے کہ رانا ثناء اللہ متعدد افراد کو قتل کروانے اور غیرقانونی کارروائیاں میں ملوث ہیں۔ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کے بعد سے چوہدری شیر علی اور ان کا گروپ مسلسل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔

Related posts