ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا پرو وائس چانسلر جامعہ زرعیہ فیصل آباد مقرر


فیصل آباد(نیوزلائن)گورنر پنجاب و چانسلرزرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے شعبہ پیراسٹالوجی کے پروفیسرو ڈین کلیہ ویٹرنری سائنس پروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا کو یونیورسٹی کا پرووائس چانسلرمقرر کیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا یونیورسٹی کے سینئر ترین پروفیسر ہیں اور شعبہ طفلیات (پیراسٹالوجی) میں تدریس و تحقیق کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر رندھاواکو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی سفارش پر صدر اسلامی جمہوری پاکستان کی طرف سے صدارتی ایوارڈ (میڈل فار ٹیکنالوجی) جبکہ پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کی طرف سے انہیں بیسٹ ٹیچر ایوارڈ اور اے آر شکوری گولڈ میڈل سے نوازا جا چکا ہے۔ ملک کے آٹھویں سرفہرست پراڈکٹیو سائنسدان کا اعزاز بھی ڈاکٹر رندھاوا کے پاس ہے۔ ان کی زیرنگرانی پندرہ پی ایچ ڈی سکالرز نے اپنی تحقیقات مکمل کی ہیں جبکہ وہ ایک درجن سکالرز کے معاون سپروائزربھی رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر ظفر رندھاوا نے چھے پی ایچ ڈی سکالرزکے بطور ممبر سپروائزری کمیٹی ان کی نگرانی کی ہے جبکہ سینکڑوں گریجوایٹس نے ان کی نگرانی میں اپنی تعلیمی ڈگریاں مکمل کی ہیں۔ ڈاکٹر ظفر رندھاوا چار کتب تحریر کرچکے ہیں جبکہ پانچ بین الاقوامی کتب میں ان کے ابواب بھی شائع ہیں۔

Related posts