ڈپٹی کمشنر کا رمضان بازاروں کا دورہ: معیار و قیمتوں کی چیکنگ کا حکم

فیصل آباد (نیوز لائن) ڈپٹی کمشنر سردار سیف اﷲ ڈوگرنے ڈیوٹی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ شام تک رمضان بازاروں میں سٹالز پر وقفے وقفے سے اشیاء کی قیمتوں اور معیار کو چیک کریں تاکہ خریداروں کو زائد قیمتوں یا ناقص اشیاء کی کسی بھی جگہ شکایت نہ ہو ۔ انہوں نے یہ ہدایت سستے رمضان بازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز طارق نیازی’عاصمہ اعجاز چیمہ اور دیگر افسران بھی موجودتھے۔ڈپٹی کمشنرآئرن مارکیٹ ڈی ٹائپ کالونی’مین سمندری روڑسمن آباد اور دیگر علاقوں میں قائم سستے رمضان بازاروں میں گئے اور وہاں پھلوں ‘ سبزیوں ‘ گوشت ‘ کریانہ سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں ‘ معیار اور دستیابی کا جائزہ لیا اور کہا کہ ڈیوٹی سٹاف اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھائے اور ہر سٹال پر بار بار چکر لگا کر کوالٹی چیک کریں ۔ انہوں نے سستی چینی اور آٹے کی فروخت کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا،سیل ریکارڈ چیک کیا اور ناپ تول کے کنڈے درست حالت میں رکھنے کی تاکید کی۔ ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازاروں میں خریداری کے لئے آئے ہوئے صارفین سے بھی گفتگو کی اور ان سے بازاروں میں فروخت ہونے والی اشیاء کے معیار اور قیمتوں کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو رمضان بازاروں کے فوائد سے کما حقہ مستفید کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

Related posts