ڈیجیٹل کرنسی‘ جعلی بنک اکاؤنٹس فراڈ میں ملوث گروہ پکڑا گیا

فیصل آباد (احمد یٰسین) ایف آئی اے اور حساس اداروں کی ٹیم نے مشترکہ کارروائی کے دوران فیصل آباد کے پوش علاقے سے اے ٹی ایم ہیکنگ‘ ڈیجیٹل کرنسی اور نیٹ ورکنگ فراڈ میں ملوث چھے رکنی گروہ کے سربراہ سمیت چار ارکان کو گرفتار کرلیا۔ پکڑے جانے والے گروہ کا سربراہ ڈسٹرکٹ بار کے سابق نائب صدر کا بیٹا بتایا جاتا ہے۔نیوز لائن کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے حساس اداروں کی معاونت سے گزشتہ روز عبداللہ گارڈن کینال روڈ سے جدید انداز ٹیکنالوجی کے استعمال سے فراڈ کرنے والے گروہ کو پکڑ لیا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پکڑے جانے والا گروہ چھے رکنی ہے۔ اس کے چار ارکان کو عبداللہ گارڈن سے پکڑ لیا گیا ہے۔ عبداللہ گارڈن میں کارروائی ڈیجیٹل فراڈ کرنے والے گروہ کے سربراہ عثمان کے ٹھکانے پر کی گئی تھی۔ گروہ کے سربراہ عثمان اور ان کے ساتھیوں کے قبضے سے غیرقانونی رکھے ہوئے 28کروڑ روپے برآمد کرلئے گئے ہیں جبکہ ملزم عثمان کے مختلف بنکوں میں اکاؤنٹس میں 60کروڑ روپے سے زائد غیرقانونی رقوم بتائی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزمان ڈیجیٹل فراڈ اور بے نامی بنک اکاؤنٹس کی ٹرانزیکشن میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے اے ٹی ایم ہیکنگ‘ ڈیجیٹل کرنسی فراڈ‘ نیٹ ورکنگ فراڈمیں ملوث ہونے کی رپورٹس ہیں۔ فراڈ گینگ کا گرفتار سربراہ عثمان ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے سابق نائب صدر کا بیٹا بتایا جاتا ہے۔ ایف آئی اے نے ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے۔

Related posts