ڈینگی لاروا کی تلفی کیلئے ہر فرد کا اہم کردارہے:ڈپٹی کمشنر


فیصل آباد (نیوزلائن)ضلعی انتظامیہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے بھر پور انسدادی اقدامات پر ذمہ داری سے عمل پیرا ہے تاہم عوامی تعاون کے بغیر انسداد ڈینگی میں کامیابی ممکن نہیں لہذا شہری ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے شہریوں میں انسداد ڈینگی سے متعلق احتیاطی تدابیر پر مشتمل آگاہی پمفلٹس تقسیم کرتے ہوئے کہی ۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا‘ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد‘ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر بلال احمد اورمحکمہ صحت کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنرمختلف رکشہ ڈرائیورز ‘ ریڑھی بانوں ‘ دکانداروں اور راہ گیر شہریوں سے ملے اور انہیں ڈینگی کے ممکنہ خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ رواں موسم برسات میں ڈینگی لاروا کی تلفی کے لئے ہر فرد کا کردار اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی آماجگاہوں کے خاتمے کے لئے شہری اپنے گھروں کے اندر صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اور کسی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے اور ڈینگی مچھر سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر سے آگاہ رہنا چاہئے اس سلسلے میں اپنے گھروں کی چھتوں ‘ پانی کی ٹینکیوں ‘ گملوں ‘ کیاریوں ‘ ایئر کولرز ‘ فریج کی ٹرے اور پانی کھڑا ہونے کی جگہوں کو بار بار چیک کیا جائے اور کاٹھ کباڑ و دیگر فالتو پڑی اشیاء کو ٹھکانے لگایا جائے ۔

Related posts