کارکردگی مایوس کن، پی ٹی آئی نے معیشت تباہ کردی: خالدہ منصور


فیصل آباد (نیوزلائن)سٹی صدر مسلم لیگ ( ن ) خواتین ونگ ایم پی اے بیگم خالدہ منصور نے کہا ہے کہ اناڑی حکمرانوں کی 100 دن کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے جسکی وجہ سے ملکی معیشت تباہ اور غریب عوام زندہ درگور ہوتے جارہے ہیں ۔ ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ عمران کی تقریر کا نتیجہ ہے ۔ ڈالر کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے پاکستان کے قرضوں میں دو کھرب روپے کا ضافہ ہوا ہے ۔حکومت نے معیشت کو ٹھیک کرنے کی بجائے بیک گیئر لگا دیا ہے ۔ عمران خان بتائیں ڈالر کی قیمت بڑھنے سے اب اربوں روپے کس کی جیب میں جارہے ہیں ۔ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قیات میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سابق آمر پرویز مشرف اور پیپلزپاررٹی کے پندرہ سالہ مسائل کو پانچ سالوں میں حل کرکے ملکی معیشت سمیت ہر اداروں کو ترقی کی جانب گامزن کیا لیکن چند دنوں نے پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی معیشت اور اداروں کو تباہ کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس ملکی معیشت ٹھیک کرنے کا حل صرف مرغیاں اور کٹے پالنا ہے ۔ پچاس لاکھ گھر بنانے اور ایک کروڑ نوکریاں دینے دیوانے کا خواب ہے ۔ احتساب کے نام پر مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں ۔ میاں نواز شریف اور شہباز شریف بے قصور ہیں انہیں جعلی کیسز کے چکروں میں ڈالا جارہاہے ۔وہ ہر پیشی پر سرخرو ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے حکمرانوں کو منہ کی کھانا پڑ رہی ہے۔

Related posts