کرکٹ ہیرو ملک بھر کی کپتانی کیلئے منتخب :حلف کل اٹھائیں گے


اسلام آباد(نیوزلائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک کے 22 ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قائد ایوان کا انتخاب عمل میں آیا۔ ایوان میں نئے قائد کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے کیا۔ عمران خان اور شہباز شریف کے درمیان مقابلے کے دوران ارکان دائیں اور بائیں دو حصوں میں تقسیم ہوگئے رائے شماری کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر نے نتائج کا اعلان کیا جس کے تحت عمران خان قائد ایوان منتخب ہوگئے، عمران خان کو 176 جب کہ شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے۔ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے قائد ایوان کے انتخاب میں کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہیں دیا۔ عمران خان کے قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے نعرے بازی شروع کردی، مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کے حق میں اور عمران خان کے خلاف نعرے لگائے۔ دوسری جانب نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ سب سے پہلے اللہ کا شکرادا کرتا ہوں جس نے مجھے موقع دیا، اور اپنی قوم کا بھی شکر گزار ہوں جب کہ پاکستان کی قوم 70 سال سے تبدیلی کا انتظارکررہی تھی اور میں اپنی قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ جو تبدیلی ہم لے کر آئیں گے اس کے لیے یہ قوم ترس رہی تھی، سب سے پہلے ملک اور قوم کو لوٹنے والوں کے خلاف کڑا احتساب کروں گا، کسی ڈاکو کو این آر او نہیں ملے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ آج ایوان میں شورمچانے والوں نے 2013 میں میری درخواست پر4 حلقے نہیں کھولے اور ہمیں عدالتوں میں جانا پڑا، اگر میری بات مان لی جاتی تو آج ہمارا انتخابی عمل ٹھیک ہوجاتا جب کہ مخالفین جس طرح چاہتے ہیں تفتیش کرالیں، ہم تیار ہیں اور جتنا مرضی ہے شورمچالیں لیکن مجھے آج تک نہ کوئی بلیک میل کرسکا ہے نہ کرسکے گا۔ انہوں نے شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ دھرنا دیں، کنٹینرہم دیں گے، آپ کیلیے لوگ ہم بھیجیں گے اور دھرنے کیلیے کھانا بھی ہم بھیجیں گے۔ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی اور صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیں گے۔ تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت نامے جاری کئے جاچکے ہیں
 

Related posts