کلین اینڈ گرین پاکستان: فیصل آباد پولیس نے نئی روائت قائم کردی


فیصل آباد (عاطف چوہدری) سی پی او فیصل آباد نے وزیر اعظم پاکستان کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے حوالے سے روشن مثال اور نئی روائت قائم کردی ہے۔ فیصل آباد کے تمام تھانوں اور چوکیوں میں خصوصی صفائی اور شجرکاری مہم چلا ئی جارہی ہے جس کی سی پی او فیصل آباد اشفاق خان خود مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ نیوزلائن کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تناظر میں سی پی او فیصل آباد اشفاق خان نے فیصل آباد کے تھانوں ‘ چوکیوں‘ پولیس دفاتر میں صفائی مہم شروع کروا رکھی ہے۔ یہی نہیں تھانوں ‘ چوکیوں اور پولیس دفاتر میں پودوں لگانے کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ صفائی مہم اور شجرکاری فیصل آباد کے تمام 41تھانوں اور ان کی چوکیوں میں مسلسل جاری ہے۔ پرانے ریکارڈ ‘ سٹور رومز‘ دفاتر‘ حوالاتوں‘ تھانوں و چوکیوں کے صحن‘ ان کے ملحقہ رقبہ جات کی بھی صفائی کی گئی ہے۔ ان کے خالی رقبے پر پودے اور گھاس لگائی جارہی ہے یا ان کو پختہ کیا جا رہا ہے۔ سی پی او فیصل آباد اشفاق خان نے اس مہم کے سلسلے میں صرف ہدایات جاری کرنا ہی کافی نہیں سمجھا بلکہ ہنگامی بنیادوں پر مختلف تھانوں ‘ چوکیوں اور دفاتر کی انسپکشن کررہے ہیں۔ صفائی اور شجرکاری مہم پولیس افسران اور اہلکار خود چلا رہے ہیں۔ صفائی بھی پرائیویٹ افراد سے کروانے کی بجائے پولیس افسران اور اہلکار خود کررہے ہیں جبکہ پودے لگانے میں بھی پولیس اہلکار پیش پیش ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق تھانوں میں صفائی کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا جبکہ پودے لگانے کے عمل کو بھی نہیں روکا جائے گا۔اب تک ہزاروں پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ اس سلسلے کو مزید بھی جاری رکھا جائے گا۔ پولیس حکام کے مطابق خصوصی صفائی اور شجرکاری مہم پر کوئی اضافی اخراجات بھی نہیں کئے جارہے اور معمول کے بجٹ میں ہی پولیس اہلکار خود محنت کرکے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو کامیاب بنا رہے ہیں۔

Related posts