کمشنر اور آر پی او کی کھلی کچہری: شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دئیے


فیصل آباد (نیوز لائن) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر ڈویژنل کمشنرآصف اقبال چوہدری اور ریجنل پولیس آفیسر غلام محمود ڈوگر نے مشترکہ طور پر آرپی او آفس میں کھلی کچہری لگائی اور شہریوں کے مسائل وشکایات سن کر موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ایڈیشنل کمشنرز ہارون الرشید‘خادم حسین جیلانی‘ایس پی سید حسنین حیدر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔کمشنر اور آرپی او نے شہریوں کے محکمہ مال,صحت و دیگر محکموں سمیت لین دین‘جعلی مقدمات‘لڑائی جھگڑوں,تھانوں سے ریلیف نہ ملنے کی شکایات خندہ پیشانی سے سنیں۔کمشنر نے کھلی کچہری میں محکمہ مال سے متعلق درخواستوں پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو میرٹ کے مطابق داد رسی کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔آرپی او نے بعض درخواست گزاروں کا موقف سنتے ہوئے پولیس افسران کو موقع پر جا کر انکوائری کرکے آئندہ جمعہ سے قبل رپورٹ کرنے کی ہدایت کی.کمشنر نے کھلی کچہری کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر کھلی کچہری کا آغاز کیا گیا ہے جس کا مقصد لوگوں کے مسائل سن کر ان کا فوری ازالہ کرنا ہے تاکہ شہریوں کا محکموں پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہریاں ہر جمعہ کو باقاعدگی سے منعقد ہونگی اس ضمن آئندہ جمعہ کو کھلی کچہری کمشنر آفس میں لگائی جائے گی۔کمشنر نے کہا کہ ڈویثرن کے دیگر اضلاع میں بھی جا کر لوگوں کے مسائل سنیں اور ان کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی درخواستوں کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا جن کی مکمل مانیٹرنگ کریں گے ۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے شکایت بلا جھجھک پیش کریں‘جائزمسائل کا حل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جس میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔آرپی او نے کہا کہ انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی سائل سے زیادتی نہیں ہوگی تاہم میرٹ کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھیں گے۔

Related posts