کھلی کچہری: ضلعی انتظامیہ کیخلاف 55پولیس کیخلاف 36درخواستیں


فیصل آباد (نیوز لائن) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سردار سیف اﷲ ڈوگر اور سی پی او اشفاق احمد خاں نے عوامی مسائل سے آگاہی اور انکے فوری حل کے لئے سرکٹ ہاؤس میں کھلی کچہری لگائی ۔اس موقع پر سی ٹی او ابرار حسین نیکوکارہ،ایم ڈی واسا چوہدری فقیر محمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) طارق خاں نیازی،ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرنل عماد گل، ڈی جی پی ایچ اے آصف چوہدری،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز میاں آفتاب احمد ،عاصمہ اعجاز چیمہ، قیصر عباس رند،اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف محکموں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے۔کھلی کچہری کے دوران مختلف محکموں سے متعلق شکایات پر مشتمل کل91 درخواستیں جمع کرائی گئیں جن میں ضلعی انتظامیہ سے متعلق55 درخواستوں پر مسائل کے حل کے لئے ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں اور محکمہ پولیس سے متعلق36 درخواستوں پر ریلیف کی فراہمی کے لئے سی پی او نے احکامات جاری کئے۔ان درخواستوں میں ناجائز قبضوں،ریکارڈ میں ردوبدل،تجاوزات،عدم صفائی،مقدمات کے عدم اندراج،تفتیش کی تبدیلی،لین دین کے تنازعات،غنڈہ عناصر کی روک تھام،اشتہاریوں کی گرفتاریوں اور رشوت ستانی سے متعلقہ تھیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے درخواست گزاروں کو یقین دلایا کہ انکی شکایاتِ ومسائل پر ترجیحی بنیادوں پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں پیشرفت سے آگاہ رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ہر جمعہ کو کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے تاکہ متعلقہ افسران کی موجودگی میں عوام کے مسائل سن کر ان کے فوری حل کے لئے اقدامات کئے جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر سردار سیف اﷲ ڈوگر نے مختلف محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ کھلی کچہریوں میں شرکت اور پیش کی جانے والی درخواستوں پر محکمانہ ریلیف کی فراہمی کے امور کو انتہائی سنجیدگی سے لیں اس ضمن میں فرضی کارروائیوں کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ کھلی کچہری سے پہلے لوگوں کی شکایات کے حل میں خاطر خواہ پیشرفت ہونی چاہیے بصورت دیگر انہیں جواب دہ ہونا پڑے گا ۔انہوں نے بتایا کہ کھلی کچہری میں پیش کی جانے والی درخواستوں کی پیش رفت کو حکومت پنجاب کی طرف سے براہ راست مانیٹر کیا جائے گا ۔ لہذا تاخیر یا عدم توجہی کی گنجائش نہیں ۔ سی پی او اشفاق احمد خان نے کہا کہ اوین ڈور پالیسی کے تحت عوام کے مسائل معمول کے مطابق سنے جارہے ہیں تاہم کھلی کچہری کے انعقاد سے شہریوں اور افسران کے مابین فاصلے نہیں رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ ہے اور مظلوم کو انصاف کی فراہمی میں تاخیراور اختیارات سے تجاوز یا بدعنوانی کرنے والوں کا محاسبہ ہو گا ۔ اس موقع پر موجود لوگوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کے فیصلے کو وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح محکمانہ سروسز میں بہتری آئیگی۔

Related posts