گائے‘ بھینس‘ بکریاں شہر میں رکھنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

فیصل آباد (نیوز لائن) میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی طرف سے پالتومویشیوں وجانوروں کوشہر کی میونسپل حدود سے باہر نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہر میں صفائی ستھرائی کے معیار کو برقرار،سیوریج سسٹم کو بحال رکھنے کے علاوہ ماحولیاتی تحفظ کویقینی بنایا جاسکے۔اس ضمن میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پراپنے مویشیوں (گائے،بھینس ودیگر پالتو جانور) کو14جولائی تک میونسپل حدود سے باہر منتقل کرلیں جس کے بعد ممنوعہ علاقہ میں رکھے گئے مویشیوں وجانوروں کو قبضہ میں لے لیا جائے گا اورخلاف ورزی پر مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی جو بھاری جرمانوں اورقیدکی سزا کی صورت میں ہوسکتی ہے۔ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن/ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بھینسیں،گائے اور دیگر پالتو جانوررکھنے /پالنے کے لئے میونسپل حدود کا علاقہ ممنوع قرار دیاگیا ہے تاہم قربانی کی نیت سے رکھے گئے جانور،علاج کے لئے وٹرنری ہسپتالوں میں لانے والے مویشی اورمذبحہ خانوں میں ذبح کیلئے لائے جانے والے جانور اس حکم سے مستثنی ہوں گے۔علاوہ ازیں ریڑھے وغیرہ چلانے میں استعمال ہونے والے جانورممنوعہ حدود میں رکھنے کے لئے لوکل گورنمنٹ کی اجازت سے مشروط ہوں گے۔اسی طرح خریدوفروخت کے لئے لائے جانے والے جانور بھی مویشی منڈیوں تک محدود رہیں گے۔

Related posts