گرین پاکستان:محکموں کو ٹارگٹ سے زائد پودے لگانے کا حکم


فیصل آباد (نیوزلائن) کمشنر آصف اقبال چوہدری نے ہدایت کی کہ موجودہ حکومت کے ’’ پلانٹ فار پاکستان ‘‘پروگرام کے تحت ڈویژن بھر میں شجرکاری کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے اور ٹارگٹ سے زیادہ پودے لگانے کیلئے ہر ممکن وسائل اور توانائیاں بروئے کار لائی جائیں تاکہ گرین پاکستان کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو سکے ۔ انہوں نے یہ بات شجرکاری مہم کے سلسلے میں محکمانہ ٹارگٹ پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ محکموں کو رواں سیزن میں گیارہ لاکھ 92 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے محکمہ تعلیم ( سکولز) نے 10 لاکھ پودے لگانے کا بیڑا اٹھایا ہے ۔ ٹارگٹ کا مجموعی طور پر 70 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے کمشنر نے کہا کہ بقیہ اہداف کو ماہ ستمبر کے دوران ہر صورت پورا کیا جائے ۔ سرکاری محکمے شجرکاری مہم کو رسم کے طور پر نہ لیں اور نہ ہی اسے بیگار سمجھیں بلکہ خلوص نیت سے اس مہم میں شرکت کرکے قومی و اخلاقی فریضہ ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سایہ دار‘ پھل دار اور دیگر مفید اور آرائشی پودے لگانے کے سلسلے میں محکمہ جنگلات سے رہنمائی حاصل کریں اور ان کی پرورش کیلئے روایتی و سائنسی طریقوں کو بروئے کار لایا جائے۔

Related posts