گندم خریداری مہم: باردانہ کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائیںگے‘ڈپٹی کمشنر


فیصل آباد(نیوزلائن)ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں گندم خریداری مہم کی روزانہ کی بنیاد پر کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے تاکہ کسی بھی جگہ کاشتکاروں کو دقت یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے یہ بات ضلع کے مختلف گندم خریداری مراکز پر ضروری انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔ایس ایس پی آپریشن رانا محمد معصوم بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر امان اللہ سومرو اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے سنٹرز پر موجود کاشتکاروں سے ملاقات کی اور ان سے مراکز پر فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے کہا کہ گندم خریداری مہم میں کاشتکاروں سے مکمل رابطہ ہے اور ان کے مفادات کا ہرممکن خیال رکھتے ہوئے ان کے لئے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔انہوں نے باردانہ کی تقسیم کے ریکارڈ کو چیک کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پالیسی اور ٹارگٹ کے مطابق باردانہ کی منصفانہ تقسیم کویقینی بنائیں۔انہوں نے خریدی گئی گندم کے ذخیرہ کے لئے ضروری انتظامات کابھی جائزہ لیا۔انہوں نے وزن کے کنڈوں کو چیک کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترمراحل کو شفاف رکھا جائے ۔انہوں نے محکمہ خوراک،اسسٹنٹ کمشنرز ودیگر ڈیوٹی افسران سے کہا کہ وہ گندم کی خریداری مہم کے سلسلے میں انہیں باقاعدگی سے آگاہ رکھیں۔ایس ایس پی آپریشن نے سنٹرز پر حفاظتی انتظامات کو ہمہ وقت چوکس رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مشکوک افراد پر گہری نظر رکھیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈیوٹی سے غفلت کے مرتکب اہلکاروں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Related posts