گورمے آئس کریم کا پروڈکشن یونٹ سیل‘ مصنوعات کی چیکنگ کا حکم


فیصل آباد(احمد یٰسین)سپریم کورٹ آف پاکستان نے گورمے آئس کریم کے پروڈکشن یونٹ سیل کرنے اور گورمے کی تمام مصنوعات کی چیکنگ کا حکم دیدیا۔ یہ حکم چیف جسٹس آف پاکستان نے لاہور رجسٹری میں گورمے بیکری کی مصنوعات غیرمعیاری ہونے اور گورمے کی غیر معیاری مصنوعات کو تحفظ دینے کیلئے جی این این ٹی وی چینل کو استعمال کرنے اور فوڈ اتھارٹی حکام کو جی این این ٹی وی چینل کے ذریعے بلیک میل کرنے کی شکایات کی سماعت کے دوران دیا۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے گورمے مصنوعات کے غیرمعیاری ہونے کی شکائت اور چیکنگ نہ کرنے دینے کے معاملے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام کو فوری گورمے آئس کریم کے تمام پروڈکشن یونٹ سیل کرنے اور اس کی تفصیلی چیکنگ کرنے کا حکم دیا جبکہ گورمے بیکری کی دیگر تمام مصنوعات کے بھی لیبارٹری ٹیسٹ کرنے کا حکم دیا۔ سماعت کے دوران ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن عثمان نے بتایا کہ گورمے بیکری کی انسپکشن اور اس کی غیرمعیاری مصنوعات کی چیکنگ سے روکنے کیلئے گورمے کے حکام جی این این ٹی وی کو بلیک میلنگ ٹول کے طور پر استعمال کررہے ہیں اور جی این این نے ان کے خلاف بے بنیاد مہم چلارکھی ہے ۔ جی این این کے لوگ انہیں گورمے کی انسپکشن سے روکنے کیلئے بلیک میل کرتے ہیں اور طرح طرح سے تنگ کرتے ہیں۔ چیف جسٹس نے اس صورتحال کا سخت نوٹس لیا اور جی این این کے عدالت میں موجود نمائندے کی سرزنش کی ۔ چیف جسٹس نے آئندہ سماعت پر جی این این کے معاملے پر غور کیلئے ڈی جی پیمرا کو بھی طلب کرلیا۔

Related posts