گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کی کارکردگی انتہائی ناقص قرار


فیصل آباد (نیوز لائن ) ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کی کارکردگی اور وہاں حفظان صحت کے اصولوں کے نفاذ کی صورتحال کو ناقص قرار دیدیاہے۔ ڈی ایم او کے اچانک معائینے میں ہسپتال میں سکیورٹی کی صورتحال تسلی بخش ملی نہ صفائی کے مناسب انتظامات کئے گئے تھے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ہسپتال انتظامیہ کی ناقص کارکردگی اور جنرل سرجن ڈاکٹر ظفر اور چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر سلیم اللہ کی مجرمانہ غفلت بارے رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو بھجوا دی ہے۔ نیوز لائن کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد نے گورنمنٹ جنرل ہسپتال فیصل آباد کا اچانک دورہ کیا تو وہاں کانظام درہم برہم پایا۔ ہسپتال میں صفائی کی صورتحال انتہائی ناقص تھی۔ کوڑاکرکٹ ادھر ادھر پھینکا گیا تھا۔ واش رومز میں گندگی کے انبار تھے۔ ہسپتال کے مین گیٹ پر سکیورٹی گارڈز موجودنہ تھے ۔ہسپتال کے انٹری گیٹ پر چیکنگ کیلئے بلاکس وسپیڈ بریکرز اور بیریئرز کی کمی تھی۔ پارکنگ کا نظام نہ ہونے کے باعث مریضوں اور لواحقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پر رہا تھا۔ ہسپتال میں لائٹنگ سسٹم انتہائی ناقص تھا۔ او پی ڈی سے ڈاکٹرز غائب تھے۔ مریض خوار ہورہے تھے۔ عوام نے اس موقع پر میڈیکل آفیسرز‘ وومن میڈیکل آفیسراور سینئر ڈاکٹرز کیخلاف شکایات کے انبار لگا دئیے۔ او پی ڈی میں مریضوں کو چیک کرنے کی بجائے ڈاکٹرز اپنے دفاتر میں گپیں ہانکتے پائے گئے۔ جنرل سرجن ڈاکٹر ظفر عباس کے حوالے سے سامنے آیا کہ وہ سرکاری فرائض میں عدم دلچسپی رکھتے ہیں اور ان کے متعلقہ مریض اور انکے لواحقین ذلیل وخوارہوتے رہتے ہیں۔ ہسپتال کے چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر سلیم اللہ کے حوالے سے بھی ایسی ہی صورتحال سامنے آئی۔ ڈی ایم او نے ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز کیخلاف کارروائی کیلئے ڈپٹی کمشنر کو سفارش کردی ہے ۔

Related posts