ہیروکپ کبڈی ٹورنامنٹ آر پی او الیون نے جیت لیا‘ کمشنر کی ٹیم رنراپ


فیصل آباد (نیوز لائن) فیصل آباد میں کھیلے جانیوالے ہیروکپ کبڈی ٹورنامنٹ کا فائنل آر پی اوالیون نے جیت لیا ہے۔کمشنر الیون دوسرے نمبر پر،ساندل بار تیسرے اورلائلپور الیون چوتھے نمبر پررہی۔فائنل میچ کے موقع پر صوبائی وزیر سماجی بہبود وبیت المال محمداجمل چیمہ مہمان خصوصی تھے جبکہ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق،ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی،آر پی او غلام محمود ڈوگر،ارکان اسمبلی شیخ خرم شہزاد چوہدری علی اختر،لطیف نذر گجر،میاں وارث عزیز،شکیل شاہدودیگر کے علاوہ مرکزی رہنما یوتھ پارلیمنٹ پاکستان سردار ندیم صادق ڈوگر،بابر ڈوگر،رانا عمران،ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حمادودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔کبڈی میچز کے دوران مختلف گلوکاروں نے اپنے فن کامظاہرہ کیا جبکہ پولیس بینڈ نے سلامی پیش کی۔اس موقع پر شائقین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے کبڈی کے دائو پیچ کے خوبصورت مقابلے دیکھے۔ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم آر پی او الیون کو 3لاکھ روپے،رنر اپ کمشنر الیون کو 2لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن کی حامل ساندل بار الیون کو ایک لاکھ روپے اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنیوالی لائلپورالیون کو 50ہزارروپے کے انعامات دئیے گئے۔ٹورنامنٹ کا بیسٹ ریڈر ہیرانامی کھلاڑی قرار دیاگیا جس نے 50ہزارروپے کا انعام حاصل کیا۔ٹورنامنٹ کے بہترین سٹاپر دوکھلاڑی رانا علی شان اور علی وڑائچ قرارپائے جنہیں 25,25ہزارروپے کے انعامات دئیے گئے۔کبڈی کے کھیل میں فخر فیصل آبادوفخر کبڈی کا اعزاز مشرف جنجوعہ نے حاصل کیاجنہیں 50ہزارروپے کاانعام دیاگیا۔صوبائی وزیر سماجی بہبود اجمل چیمہ اورمعاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ملک عمر فاروق نے جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر سماجی بہبود اجمل چیمہ نے جیتے والی ٹیموں کومبارکباد دی اور کہا کہ کبڈی کا کھیل اس خطے کی پہچان ہے جس نے کبڈی کے مایہ ناز کھلاڑی پیدا کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کبڈی کے کھیل کی بھرپور سرپرستی کی جائے گی اورحکومت پنجاب کھیلوں کی ترقی کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے آر پی او ہیروز کبڈی ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد کو سراہا۔معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ملک عمر فاروق نے کہا کہ اقبال سٹیڈیم میں کبڈی کے مسلسل دو ٹورنامنٹ منعقد کرکے ناصرف شائقین کو کبڈی کے بہترین مقابلے دیکھنے کے مواقع حاصل ہوئے ہیں بلکہ کھیلوں کے حوالے سے زیادہ گرم جوشی پیدا ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ترتیب دئیے گئے کیلنڈر کے مطابق کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف کھیلوں میں نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے متعدد پروگرامز منعقد کئے جارہے ہیں۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ کبڈی کے ٹورنامنٹ سے شہر میں صحت مند سرگرمیوں کا ایک ماحول رونما ہوا ہے جسے مزید فروغ دیا جائے گا۔آر پی او غلام محمد ڈوگر نے تمام مہمانوں اورٹورنامنٹ میں تعاون کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کبڈی کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیاگیا ہے جن کی اس کھیل کے لئے خدمات اورصلاحیتوںکو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔مرکزی رہنمایوتھ پارلیمنٹ پاکستان سردار ندیم صادق ڈوگر نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرکے نہ صرف ان کی صلاحیتوں میں نکھارپیدا کیا جاسکتا ہے بلکہ وہ کئی قسم کی قباحتوں سے بھی دور رہیں گے۔انہوں نے آرپی او ہیروز کبڈی ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔

Related posts