یوم عاشور پر موبائل سروس معطل ہوگی : آئی جی پنجاب


فیصل آباد(نیوزلائن)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب محمدطاہر کاکہناہے کہ عاشورہ محرم کے پرامن انعقادکے لئے فوج اوررینجرزکی مدد سے موثرحفاظتی انتظامات عمل میں لائے جارہے ہیں۔ حفاظتی اقدامات کے تحت یوم عاشورپرفیصل آباد اورجھنگ سمیت پنجاب کے 14 اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رکھی جاسکتی ہے۔فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ تشکیل دیئے گئے محرم سکیورٹی پلان کے تحت 36ہزارمجالس اور9 ہزار سے زائد جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے پنجاب پولیس ،ایلیٹ فورس اوردیگراداروں کے ایک لاکھ کے لگ بھگ افسر اورجوان خصوصی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ تمام اضلاع میں کنٹرول رومز فعال ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جھنگ میں سرچ آپریشنز کے دوران اہم ثبوت ہاتھ آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شرپسند اورملک دشمن عناصرکے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ رضاکاروں اورعام شہریوں سے محرم سکیورٹی جیسی حساس ڈیوٹی لئے جانے کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں آئی جی نے کہاکہ پنجاب کے دیگراضلاع کی نسبت فیصل آبادمیں کمی نفری کامسلہ کہیں پراناہے 2009 میں ان کی تعیناتی کے وقت یہاں کی نفری 7 ہزارتھی،اب 8 ہزارکے لگ بھگ ہے ، آرپی اواورسی پی اوفیصل آبادکی مشاورت سے انہوں نے اس مسلے کاحل نکالنے کاموقف اپنایا۔ پولیس ملازمین کی کارکردگی بہتربنانے کے لئے انہیں سپشلائزڈکورس کرانے اور سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لئے ڈولفن فورس کوموثربنانے کے عزم کااظہارکیا۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر فیصل آبادغلام محمودڈوگر،سی پی اوفیصل آباداشفاق احمدخان ،سابق سی پی اوفیصل آبادافضا ل احمدکوثر،جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اورچنیوٹ اضلاع کے ڈی پی اوزبھی موجودتھے۔قبل ازیں آرپی اوآفس پہنچنے پرپولیس کے چاک وچوبنددستے نے آئی جی پنجاب کوسلامی دی۔

Related posts