یوم قائد: فیصل آباد میں آل پنجاب منی میراتھن کا انعقاد


فیصل آباد (نیوزلائن)یوم قائداعظمؒ کی تقریبات کے سلسلے میں پہلی آل پنجاب منی میراتھن ریس فیصل آباد میں منعقد ہوئی۔ ریس میں پنجاب بھر سے سات سو افراد نے شرکت کی۔ریس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے کیا۔ ضلعی ایڈمن آفیسر ریاض انجم اور مختلف تنظیموں کے نمائندے بھی اس موقع پرموجود تھے۔پروفیشنل کھلاڑیوں کی ریس کشمیر پل کینال روڈ سے جبکہ نان پروفیشنل افراد کی ریس عبداللہ پور چوک سے شروع ہوئی جو جڑانوالہ روڈ،حشمت خاں روڈ اور ڈی گراؤنڈ سے ہوتی ہوئی مسجد ٹیکنیکل سکول کے قریب اختتام پذیر ہوئی۔ریس ساہیوال کے رہائشی محمد حبیب نے جیت لی۔ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے میراتھن ریس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے قومی ایام کو منانے سے شہریوں میں مزید جوش وخروش پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے میرا تھن ریس کے انعقاد کوسراہتے ہوئے کہا کہ قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کھیلوں کا انعقاد اچھی روایت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند اورمہذب معاشرے کی تشکیل کیلئے قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کو مشعل راہ بنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے اس ضمن میں کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی کے علاوہ مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا اہتمام کیا جارہاہے۔

Related posts