پچاس کروڑ کی جاری ترقیاتی سکیموں پر کام تیز کرنے کا حکم


فیصل آباد(نیوزلائن)ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں 50 کروڑ 85 لاکھ روپے سے عوامی فلاح و بہبود اور علاقائی ترقی کی جاری 13 سکیموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے ۔ اس ضمن میں سست روی قابل قبول نہیں ۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی جس میں ڈائریکٹر انجینئرنگ ایف ڈی اے اصغر علی اور ڈائریکٹر واسا سمیت سپورٹس ‘ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد سعید نے ترقیاتی منصوبوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں فیملی پارک ‘ کیمونٹی سنٹر ‘ کرکٹ گراؤنڈ ‘ جمنیزیم ‘ سروس روڈ ‘ واٹر سپلائی ‘ سیوریج ‘ سول ڈسپنسری ‘ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب ‘ قبرستانوں کی چار دیواریوں اور گلیوں کی پی سی سی تعمیر کی 13 سکیموں پر کام جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تعمیراتی پیش رفت سے متعلق انہیں آگاہ کریں اور انکی پائیدار تکمیل کے لئے تعمیراتی مراحل کی مکمل مانیٹرنگ ہونی چاہئے ۔ انہوں نے تاکید کی کہ اگر کسی سکیم کی تعمیر کی راہ میں کوئی رکاوٹ درپیش ہو تو اسکی بلاتاخیر نشاندہی کی جائے تاکہ بروقت کارروائی سے رکاوٹ دور کرکے منصوبے کو تعطل سے بچایا جا سکے ۔

Related posts

Leave a Comment