سود خور کا قسط نہ ملنے پر حملہ‘مقروض کی 6سالہ بچی مار دی


فیصل آباد (نیوزلائن) فیصل آباد کے نواحی علاقے میں سود خور نے قرضے پر منافع کی قسط بروقت نہ ملنے پر مقروض کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ مقر وض کو ڈرانے دھمکانے کیلئے اس پر سیدھی فائرنگ کی مگر مقروض کی بجائے اس کی کم سن بچی گولیوں کا نشانہ بن کر زندگی کی بازی ہار گئی۔نیوزلائن کے مطابق نواحی علاقے ملکھانوالہ میں اجمل نامی شخص نے وارث نامی شہری پر فائرنگ کی مگر اس کی بجائے اس کی چھے سالہ بیٹی خدیجہ گولیوں کا نشانہ بن گئی۔اسے ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔ متوفیہ کے والد وارث نے پولیس کو دی گئی درخواست میں بتایا ہے کہ اس نے ملزم اجمل سے سود پر قرض لے رکھا تھا۔ سود کی قسط کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی تو اجمل قسط وصول کرنے کیلئے اس کے گھر آدھمکا۔اسی دوران اس نے مدعی کو ڈرانے دھمکانے اور رعب جمانے کیلئے اس پر فائرنگ کی مگر وہ نشانے سے ہٹ گیا مگر گولی اس کی بیٹی خدیجہ کے سر میں جا لگی۔ پولیس نے سود خور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے مگر اس میں سود خوری کی دفعات شامل کرنے کی بجائے صرف قتل کی دفعات کے تحت ایف آئی آر کا اندراج ہی کیا گیا ہے۔

Related posts

Leave a Comment