فیصل آباد آرٹس کونسل تھیٹروں سے ’’جگا ٹیکس‘‘ وصول کرنے لگی


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد آرٹس کونسل نے شہر کے تمام تھیٹروں میں لگنے والے سٹیج ڈراموں سے ’’جگا ٹیکس‘‘ وصول کرنا شروع کر دیا۔ خصوصی ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے سٹیج ڈرامہ کے اجازت نامے میں رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں جبکہ ’’خصوصی ٹیکس‘‘ کیخلاف آواز اٹھانے والوں کو بلیک لسٹ کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔نیوزلائن کے مطابق آرٹس کونسل حکام اپنے عہدے اور اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہئے شہر کے مختلف تھیٹروں میں لگنے والے سٹیج ڈراموں سے ’’خصوصی ٹیکس‘‘ وصول کر رہے ہیں۔خصوصی ٹیکس ہفتہ وار ہر ڈرامے سے وصول کیا جا تا ہے جس کی متعلقہ حکام سے منظوری بھی نہیں لی گئی جبکہ اس کا اندراج بھی کہیں نہیں کیا جاتا۔ آرٹس کونسل حکام یہ’’ خصوصی‘‘ٹیکس ادا کرنے والوں کو بلیک لسٹ کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں اور انہیں مختلف طرح سے تنگ کیا جاتا ہے۔ ہر تھیٹر کے حکام کو پابند کیا گیا ہے کہ سکرپٹ جمع کرواتے وقت مقررہ فیس کیساتھ ’’خصوصی ٹیکس‘‘ بھی وصول کیا جاتا ہے ۔ خصوصی ٹیکس کی وصولی کے بغیر کوئی سکرپٹ منظور کیا جاتا ہے اور نہ ڈرامے کی اجازت دی جاتی ہے۔ قواعد سے ہٹ کر ہر ہفتے ’’جگا ٹیکس‘‘ وصول کئے جانے کے حوالے سے آرٹس کونسل حکام کسی بھی طرح کا جواب دینے سے انکاری اور اسے اپنا اختیار قرار دے رہے ہیں۔

Related posts

Leave a Comment