ایم ڈی پارکنگ کمپنی کی تعیناتی غیرقانونی اور خلاف قواعد ہوئی


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد پارکنگ کمپنی کا باوا آدم ہی نرالا ثابت ہورہا ہے۔ سابق ایڈمنسٹریٹر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ و چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ایف پی سی نورالامین مینگل نے پارکنگ کمپنی کی ایم ڈی ام لیلیٰ نقوی کی تعیناتی ہی خلاف قواعد اور غیرقانونی طریقے سے کی ہے۔ نیوزلائن کے مطابق سابق چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز فیصل آباد پارکنگ کمپنی نے اپنی مرضی سے اور قواعدو ضوابط کو روندتے ہوئے ام لیلیٰ نقوی کو ایم ڈی تعینات کر دیا۔ ایم ڈی کی پوسٹ پر تعیناتی کرنے کیلئے کمپنی رولز کے مطابق پوسٹ کی تشہیر کرنے کی زحمت ہی نہیں کی گئی۔ دوسری جانب ام لیلیٰ نقوی وزارت بلدیات حکومت پنجاب کی ملازم ہیں اور ان کا بنیادی محکمہ ’’بلدیات‘‘ ہی نہیں جانتا کہ ام لیلیٰ نقوی کیسے فیصل آباد پارکنگ کمپنی کی ایم ڈی تعینات ہو گئی ہیں اور محکمہ بلدیات کے حکام ایس اینڈ جی ڈی اے اور فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ سے مسلسل ام لیلیٰ کی تعیناتی کے حوالے سے وضاحتیں مانگ رہا ہے۔سابق چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پارکنگ کمپنی سلمان غنی اور صوبائی محکمہ بلدیات کے مابین خط و کتابت میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ ام لیلیٰ نقوی ڈیپوٹیشن پر فیصل آباد پارکنگ کمپنی میں نہیں آئیں جبکہ محکمہ بلدیات نے ایک پرائیویٹ کمپنی میں خودمختار طریقے سے پوسٹنگ کیلئے انہیں اجازت نہیں دی۔ایس اینڈ جی ڈی اے ان کی تعیناتی کا اختیار نہیں رکھتا تھا۔ جبکہ ایک نجی کمپنی میں تعیناتی کا اختیار ایس اینڈ جی ڈی اے کے پاس تھا ہی نہیں ۔ کمپنی رولز کے مطابق پوسٹ کی تشہیر کرکے بورڈ آف ڈائریکٹرز یا اس کی بنائی کمیٹی نے ایم ڈی کی تعیناتی کرنی تھی مگر پوسٹ مشتہر ہوئی اور نہ ام لیلیٰ نقوی نے اس پوسٹ کیلئے اپنے محکمہ ’’بلدیات ‘‘ کے توسط سے اپلائی کیا۔ وزارت بلدیات کے حکام سابق چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز سلمان غنی سے اس حوالے سے وضاحت مانگتے رہے ہیں اور وہ اپنے سے پہلے کی اس تعیناتی کو ایس اینڈ جی ڈی اے کے کھاتے میں ڈال کر اپنی جان بچا رہے ہیں۔ رولز کے مطابق پوسٹنگ ایس اینڈ جی ڈی اے نے کرنا نہیں تھی اس لئے وہ بھی وزارت بلدیات کو اس حوالے سے تسلی بخش جواب نہیں دے پائے۔ محکمہ بلدیات کے ذرائع کے مطابق ام لیلیٰ نقوی نے ایک نجی کمپنی میں اپلائی کرنے کیلئے انہیں کوئی درخواست ہی نہیں دی اور نہ ایسی کوئی درخواست انہوں نے فیصل آباد پارکنگ کمپنی کو بھجوائی۔ ام لیلیٰ نقوی کی بطور ایم ڈی فیصل آباد پارکنگ کمپنی تعیناتی قوانین اور قواعد کے مطابق نہ ہونے سے ان کے گزشتہ اڑھائی سال کے اقدامات اور کمپنی میں کئے گئے اقدامات کی قانونی حیثیت بارے بھی سوالات جنم لے رہے ہیں۔

Related posts

Leave a Comment