فیسکوکی تقسیم کا فیصلہ‘ سرگودھا کیلئے الگ کمپنی بنے گی


فیصل آباد(نیوزلائن)وزارت پانی و بجلی نے فیسکو کو دوحصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیسکو بدستور فیصل آباد میں کام کرتی رہے گی جبکہ سرگودھا کیلئے سیسکوکے نام سے الگ کمپنی بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ نیوزلائن کے مطابق فیسکو کی تقسیم کیلئے وزارت پانی و بجلی کے حکام سرگرم ہیں۔فیسکو کے پاس اس وقت فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز کے آٹھ اضلاع ہیں جن میں سے تقسیم کے بعد فیسکو کے پاس صرف چار اضلاع فیصل آباد ‘ جھنگ‘ ٹوبہ اور چنیوٹ رہ جائیں گے جبکہ سرگودھا ڈویژن میں شامل چار اضلاع سرگودھا‘ خوشاب‘ میانوالی‘ بھکر مجوزہ سرگودھا الیکٹرک سپلائی کمپنی کے پاس چلے جائیں گے۔فیسکو کے اثاثہ جات ‘ کیپٹل منی اور ذمہ داریاں دونوں ڈویژنز میں بجلی کی کھپت کے حساب سے تقسیم کردی جائے گی۔ وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق فیسکو کی تقسیم کے پلان پر سنجیدگی سے کام کیا جا رہا ہے اور ایسا فیسکو کے وسیع ایریا اور زیادہ ورک لوڈ کی وجہ سے کیا جا رہا ہے۔ توقع یہ بھی کی جارہی ہے کہ توتقسیم سے فیسکو اور مجوزہ سیسکو کی مجموعی کارکردگی پہلے سے بہتر ہوجائے گی جبکہ میانوالی و بھکر میں لائن لاسز کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ جبکہ ہوشربا لائن لاسز والے دو بڑے علاقے میانوالی اور بھکر نکل جانے سے فیسکو کے لائن لاسز میں انتہائی حد تک کمی آئے گی اور کارکردگی بھی بہتر ہو گی۔

Related posts