جنرل ہسپتال حسیب شہید مارچ میں کام شروع کردیگا‘ سلمان غنی


فیصل آباد (نیوزلائن)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی منظوری سے ایک ارب روپے کی لاگت سے زیر تعمیر 260 بستروں پر مشتمل پانچ منزلہ گورنمنٹ جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی نئے سال کے پہلے تین ماہ میں شعبہ بیرونی مریضاں کی میڈیکل سروسز کے لئے فنکشنل ہوجائے گا ۔اس سلسلے میں تعمیراتی و انتظامی کام تیز رفتاری سے جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے گورنمنٹ جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی کی عمارت کی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے موقع کا دورہ کیا ۔ ایکسئین بلڈنگز طاہر انجم ‘ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ہیڈکوارٹرز ڈاکٹر اسفند یار اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے زیر تعمیر عمارت کے مختلف حصوں کے تعمیراتی معیار کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے افرادی قوت میں اضافہ کریں اور روزانہ کی بنیاد پر تعمیراتی کارکردگی سے انہیں آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہرکے جنوبی حصے کے مریضوں کو بہتر علاج معالجہ کی سہولیات ان کے گھروں کے قریب بلا تاخیر فراہم کرنے کے لئے یہ ہسپتال انتہائی اہمیت و افادیت کا حامل ہے لہذا اسے جلد فنکشنل بنانے کے لئے تعمیرات کے ساتھ ساتھ طبی مشینری کی خریداری ‘ سٹاف کی بھرتی اور دیگر انتظامی امور بھی تیزی سے انجام دئیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی عمارت میں مستقبل کی ضروریات اور درکار تقاضوں کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ بعد میں توڑ پھوڑ نہ کرنی پڑے ‘اس ضمن میں سنٹرلی ایئر کنڈیشنڈ سسٹم کے لئے ضروری انتظامات پیشگی بنیادوں پر کرنے‘ بجلی کی وائرنگ ‘ پانی کی سپلائی اور سیوریج سسٹم کے لئے جامع منصوبہ بندی ہونی چاہئے ۔ انہوں نے ہسپتال میں ضروری لینڈ سکیپنگ اور گاڑیوں کے لئے پارکنگ کی پلاننگ کرنے کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مستقبل میں نئے شعبوں کے قیام کے لئے توسیع اورمزید استعداد بڑھانے کی گنجائش موجود ہونی چاہئے ۔ اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 14 ایکٹر سے زائد اراضی پر یہ ہسپتال بیسمنٹ سمیت پانچ منزلوں پر مشتمل ہو گا جس میں لفٹس کی سہولیات کے ساتھ ساتھ سنٹرلی ایئر کنڈیشنڈ ( ایچ ویک )‘ فائر فائٹنگ اور انٹر کام سسٹم بھی موجود ہو گا جبکہ 60 ۔ارکان کے سٹاف کی سہولت کے لئے ہاسٹل کے انتظامات کے علاوہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی رہائش ‘ تین اور دو بیڈز کے 12/12 فیملی فلیٹس بھی تعمیر ہونگے ۔

Related posts