وزیر اعظم قومی ترقیاتی پروگرام: 38 کروڑ کی 113 ترقیاتی سکیمیں منظور


فیصل آباد (نیوزلائن) وزیر اعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈویژن کے مختلف علاقوں میں 38 کروڑ روپے کی لاگت سے مزید 113 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ہے جس میں بجلی و سوئی گیس کی فراہمی ‘ گلیوں ‘ نالیوں اور محکمہ تعلیم و صحت کی عمارتوں کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں ۔ یہ منظوری ڈویژنل کمشنر مومن آغا کی زیر صدارت ڈویژنل رابطہ و عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان ‘ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رائے واجد علی‘ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میاں محمد عبداﷲ ‘ ایس ای بلڈنگز ساجد رشید ‘ ایس ای ہائی ویز خاور بھٹہ ‘ ایف ڈی اے ‘ فیسکو ‘ سوئی گیس ‘ لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں مختلف دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی کی 55 ‘ سوئی گیس کی فراہمی کی 8 ‘ محکمہ شاہرات و ایف ڈی اے سے متعلقہ سڑکوں کی تعمیر کی 22 ‘ بلڈنگز کی تعمیر کی 6 ‘ لوکل گورنمنٹ کی 17 اور دیگرمحکموں سے متعلقہ سکیمیں شامل ہیں۔ ڈویژنل کمشنر نے ترقیاتی سکیموں کی تفصیلات اور انکی عوامی افادیت کاجائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ سڑکوں کے منصوبوں کے ساتھ برساتی نالوں کی تعمیر کا ضرور جائزہ لیا جائے تاکہ سڑکوں کی طویل مدت تک پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے عمارتوں کی تعمیر کے منصوبوں کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کرنے کی تاکید کی اور کہاکہ منظور شدہ سکیموں پرعملدرآمد میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ اپنے محکموں کی زیر نگرانی منصوبوں کے مسلسل انداز میں مانیٹرنگ کریں اورعمدہ تعمیراتی معیار اور تیزرفتار تکمیل کویقینی بنایا جائے ۔

Related posts