پولیس بھرتی کیلئے سیاسی سفارشیوں کی بھرمار


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد پولیس میں بھرتی کیلئے سیاسی اور اعلیٰ افسرا ن کے سفارشیوں کی فہرستیں لمبی ہوتی جا رہی ہیں ۔ جس سے میرٹ پالیسی سوالیہ نشان اور اہل امیدواروں کو نظر انداز کئے جانے کا سلسلہ طویل ہوتا جا رہا ہے۔ نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد پولیس میں بھرتی کیلئے نوجوانوں کے مختلف طرح کے ٹیسٹ لئے گئے ہیں۔ مگر بھرتی کے عمل میں درجنوں ایسے افراد بھی شامل کر لئے گئے ہیں جو پیمائش‘ دوڑ اور ٹیسٹ میں مطلوبہ معیار پر پورا اترنے میں ناکام رہے تھے۔فائنل کئے گئے ناموں میں تگڑی سفارش پر درجنوں نام ایسے شامل کرلئے گئے ہیں جو میرٹ سے کوسوں دور اور ابتدائی مراحل میں ناکام رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق درجنوں نام تو ایسے بھی شامل ہوئے ہیں جنہوں نے پیمائش اور دوڑ کا مرحلہ طے ہی نہیں کیا اور وہ چھاتہ بردار کے طور پر میرٹ لسٹ میں ہی آن وارد ہوئے ہیں۔ایسے نام بھی فہرستوں میں شامل ہیں جو دوڑ اور پیمائش میں عملی طور پر فیل ہوئے تھے مگر سیاسی اور بیوروکریٹک سفارش کی بنیاد پر لسٹوں میں شامل ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق پولیس بھرتی کیلئے ارکان اسمبلی اور وزیروں مشیروں کے چہیتوں کے نام بھی میرٹ پالیسی کے منافی لسٹوں میں شامل کئے جارہے ہیں۔ بڑی تعداد میں سفارشیوں کے میرٹ کا قتل عام کرکے فہرستوں میں شامل ہونے سے میرٹ پالیسی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے اور ایسی بھرتی سے پولیس میں سیاسی اثرورسوخ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

Related posts