فیصل آباد میں لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو‘ شہری عذاب میں مبتلا


فیصل آباد(نیوزلائن)حکومت کے دعووں اور اعلانات کے برعکس فیصل آباد میں بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ لوڈشیڈنگ کے جن کو قابو کرکے بوتل میں بند کرنے کے مسلم لیگ ن کے دعوے بے بنیاد ثابت ہو رہے ہیں ۔ نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد اور اس کے گردونواح میں لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو ہو کر عوام کی زندگیاں عذاب بنانے کیلئے سرگرم ہے۔ مختصر عرصے کیلئے بوتل میں رہے کے بعد فیسکو حکام لوڈشیڈنگ کے جن کو قابو میں رکھنے میں بری طرح ناکام رہے۔ فیسکو ریجن کے دیگر علاقوں سرگودھا‘ خوشاب‘ میانوالی ‘ بھکر‘ جھنگ‘ ٹوبی چنیوٹ میں تو لوڈشیڈنگ کا سلسلہ کئی روز سے شروع ہو چکا تھا۔ فیصل آباد کے ڈویسٹک صارفین کو بھی گزشتہ ایک ماہ سے وقفے وقفے سے بجلی بندش کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ گزشتہ دو ہفتوں سے فیصل آباد دیگر شہروں کے انڈسٹریل ایریاز میں بھی بجلی بندش کا غیراعلانیہ سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شہری علاقوں میں زندگی جامد ہورہی ہے ۔ اس حوالے سے عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے وزراء مسلسل راگ الاپ رہے ہیں کہ لوڈشیڈنگ ختم کردی ہے۔ بجلی کی قیمتیں ملکی تاریخ کی سب سے بلند شرح پر لے جانے کے باوجود مسلم لیگ ن بجلی کی فراہمی میں ناکام ہے۔ اس سے کم قیمت میں جنریٹر بجلی فراہم کر دیتا ہے۔ حکومت تھرمل بجلی کا استعمال بڑھانے‘ تیل اور گیس کا بجلی کیلئے استعمال بڑحانے اور پنجاب کو کوئلے کے فضلے کے عذاب میں مبتلا کرنے کے بعد بھی لوڈشیڈنگ کا جن قابو کرنے میں بری طرح ناکام ہے۔ جو اس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

Related posts