فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں کروڑوں کی کرپشن‘ آڈٹ میں ثابت


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں کروڑوں روپے کی کرپشن صوبائی حکومت کے آڈٹ میں پکڑی گئی۔ ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کرپشن و لوٹ مار کی طویل داستان کا کوئی جواب نہ دے سکے۔ نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں طویل عرصے سے لوٹ مار خوردبرد کی اطلاعات سامنے آرہی تھیں۔ کمپنی کے سابق چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز وزیرمملکت خزانہ رانا محمد افضل خان کمپنی میں ہونیوالی کرپشن و لوٹ مار پر افسران کی متعدد بار سرزنش بھی کر چکے تھے۔ ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ عماد گل کے خود بھی کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث ہونے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔ موجودہ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز اور میئر فیصل آباد رزاق ملک نے بھی کرپشن پر ایم ڈی عماد گل کو نوٹس جاری کیا اور ان سے جواب طلبی کی۔ کمپنی کیلئے آلات اور وہیکلز کی خریداری میں بھی گھپلے سامنے آچکے ہیں۔ اس تمام صورتحال پر پنجاب حکومت نے ایف ڈبلیو ایم سی کا سپیشل آڈٹ کروایا تو اس میں کرپشن و لوٹ مار کی داستانیں ثابت ہو گئیں۔ ذرائع کے مطابق آڈٹ کے دوران ایف ڈبلیو ایم سی میں کروڑوں روپے کی کرپشن ثابت ہوئی ہے۔ متعدد معاملات میں ایم ڈی عماد گل آڈٹ ٹیم کے سوالوں کے جواب دینے سے قاصر رہے۔ خریداریوں کا حسا ب ہے اور نہ وصولیوں اور اخراجات کی کوئی تفصیل رکھی گئی ہے۔درجنوں آڈٹ پیرا بن چکے ہیں اور کمپنی حکام کی لوٹ مار کی داستانیں طویل کر رہے ہیں۔

Related posts