ماسٹر پلان سے نجی ہاؤسنگ مالکان کو نوازنے کی سازش تیار


فیصل آباد(نیوزلائن)ڈی جی ایف ڈی اے ماسٹر پلان سازش کے ذریعے ایف ڈی اے حکام نجی ہاؤسنگ مافیاز کو نوازنے کیلئے سرگرم ہوگئے۔ ماسٹر پلان کے نام پر مخصوص نجی ہاؤسنگ کالونیوں کے مالکان کو نوازنے کی سازش تیار ہے اور اس میں صرف قانونی رنگ بھرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد میں شتر بے مہار ہاؤسنگ کالونیوں کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ نے ماسٹر پلان 2035تشکیل دیا۔ جس سے نجی ہاؤسنگ کالونیوں کو نکیل ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ ماسٹر پلان 2035کی تیاری کیلئے ایف ڈی اے‘ اربن یونٹ‘ واسا‘ محکمہ بلدیات‘ ریونیو حکام‘ تحصیلداران‘ اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر 14محکموں کے 49ماہرین سے مشاورت کی گئی۔ اس دوران ایف ڈی اے سے کئی خصوصی مشاورتی سیشن ہوئے ۔ ایف ڈی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر خود ہر اجلاس میں شریک ہوتے رہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے بھی ماسٹر پلان کی تیاری کے دوران ہر مرحلے پر ساتھ شامل رہے۔ کئی ماہ کی عرق ریز کارروائیوں اور سرویز ے بعد ماسٹر پلان 2035کا اعلان کیا گیا اور شہر کے علاقوں کی کلاسیفکیشن کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ اس ماسٹر پلان کا نام ’’فیصل آباد2035‘‘ رکھا گیا ۔ اس ماسٹر پلان کا اعلان ہونے کے بعد سٹی ہاؤسنگ سمیت متعدد پراپرٹی ٹائیکونز نے اس کی خلاف ورزی کی ۔ ایف ڈی اے حکام خلاف ورزیوں کے ساتھ ہی ان کی کالونیوں کو منظوری دینے کے لئے سرگرم تھے مگر اعلیٰ سطحی نشاندہی پر ایف ڈی اے حکام ان کے نقشوں کی منظوری روکنے پر مجبور ہوگئے۔ سیدھی انگلی سے گھی نہ نکلتا دیکھ کر لینڈ مافیا نے ایف ڈی اے کے ڈی جی یاور حسین کیساتھ ساز باز ہو کر ماسٹر پلان’’فیصل آباد 2035‘‘ کو ہی تبدیل کرنے کی ٹھان لی ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے یاور حسین لینڈ مافیا کیساتھ ساز باز ہو کر ماسٹر پلان میں ایسی تبدیلیاں کرنے کیلئے سرگرم ہیں کہ جس سے سٹی ہاؤسنگ فیز ٹو اور متعدد دیگر کالونیوں کو قانونی حیثیت مل جائے اور ان کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا جا سکے اس کیلئے سٹی ہاؤسنگ مالکان اور بعض دیگر کالونیوں کے مالکان کروڑوں روپے خرچ کررہے ہیں۔ اور ایف ڈی اے حکام کو نذرانوں سے نواز رہے ہیں۔ ایف ڈی اے حکام نے اس ماسٹرپلان سازش میں دوسرے محکموں کے افسران کو بھی شامل کر لیا ہے اور فیصل آباد2035پلان میں بنیادی تبدیلیاں کرکے مخصوص افراد و نوازنے کی سازش منظم اندازمیں آگے بڑھائی جا رہی ہے۔اس حوالے سے سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ماسٹر پلان سازش بند کی جائے۔ فیصل آباد2035پلان کے بعد مخصوص ایجنڈے کے تحت خلاف قانون بننے والی رہائشی کالونیوں کو ماسٹر پلان سازش کے ذریعے فائدہ پہنچانے کی کوششیں بند کی جائیں۔ فیصل آباد کو لینڈ مافیا کے ہاتھوں میں جانے سے بچایا جائے۔ کمشنر فیصل آباد اس سازش کا حصہ نہ بنیں اور ماسٹر پلان سازش کرنے میں مگن ایف ڈی اے حکام کی حوصلہ شکنی کریں۔ پنجاب حکومت بھی اس کا نوٹس لے اور مخصوص ایجنڈے کے تحت شروع کی گئی ڈی جی ایف ڈی اے کی ماسٹر پلان سازش کو بند کیا جائے جبکہ ساز باز ہو کر ماسٹر پلان سازش کرنے پر ڈی جی ایف ڈی اے یاور حسین کیخلاف فوری کارروائی شروع کی جائے۔

Related posts