فیصل موورز کی ساڑھے 15کروڑکی ٹیکس چوری پکڑی گئی


فیصل آباد(نیوزلائن)معروف ٹرانسپورٹ گروپ فیصل موورزکے ساڑھے 15کروڑ کے لگ بھگ ٹیکس چوری میں ملوث ہونے کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری صرف فیصل موورز گروپ کا ایک ادارہ فیصل موورز کیرج کنٹریکٹرپرائیویٹ لمیٹڈ کرتا پایا گیا ہے ۔ رپورٹ میں اس گروپ کے دیگر اداروں کی ٹیکس ادائیگی بارے تفصیلات شامل نہیں ہیں۔نیوزلائن کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ایک رپورٹ میں سامنے آیا ہے کہ فیصل موورز کیرج کنٹریکٹرپرائیویٹ لمیٹڈ 15کروڑ 43لاکھ 53ہزار 723روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث ہے۔ یہ ٹیکس چوری صرف دو سالوں سال 2010اور سال 2011کی ہے۔ فیصل موورز کی انتظامیہ نے ایف بی آر کو ٹیکس جمع کروایا مگر اس کے گوشواروں‘ آمدن و اخراجات کا تفصیلی آڈٹ کرنے پر سامنے آیا کہ اس نے سال 2010اور سال 2011میں کم ٹیکس جمع کروایا ہے جبکہ اس کے ذمہ زیادہ ٹیکس بنتا تھا۔ آڈٹ سے سامنے آیا کہ فیصل موورز کیرج کنٹریکٹرپرائیویٹ لمیٹڈ نے 15کروڑ 43لاکھ 53ہزار 723روپے کم ٹیکس جمع کروایا ہے۔آڈٹ 29جون 2017کو مکمل ہوا اور ایف بی آر نے 23اگست کو انڈر سیکشن 138-1ٹیکس جمع کروانے کا نوٹس جاری کردیا۔قوم کا درد دل رکھنے کی دعویدار کمپنی کے مالکان نے ملکی خزانے میں اپنا پکڑا گیا ٹیکس جمع کروانے کی بجائے اس معاملے میں تاخیری حربے استعمال کرنا شروع کر دئیے۔ فیصل موورز انتظامیہ نے پہلے کمشنر ان لینڈ ریونیو کو اپیل کی۔ ابھی اس اپیل کا فیصلہ بھی نہیں ہوا تھا کہ معاملے کو وفاقی ٹیکس محتسب کے پاس لے گئی۔ایف بی آر نے اپیلوں اور عدالت معاملات کیساتھ 25فیصد ادائیگی کئے جانے کے قانون کے مطابق فیصل موورز کیرج کنٹریکٹر پرائیویٹ لمیٹڈ کو ایک چوتھائی رقم جمع کروانے کا نوٹس بھی جاری کر رکھا ہے مگر ابھی تک فیصل موورز کی انتظامیہ نے ایک چوتھائی رقم بھی جمع نہیں کروائی۔

Related posts