فیصل آباد کے19 میرج ہال دو کروڑ کی ٹیکس چوری میں ملوث


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد کے19 بڑے میرج ہال دو کروڑ روپے سے زائد کی ٹیکس چوری میں ملوث پائے گئے ہیں۔نام نہاد شرفاء کے ان ہالوں سے ٹیکس وصولی ایف بی آر کیلئے وبال جان بنی ہوئی ہے۔ نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد کے بیس بڑے میرج ہالوں کے حوالے سے رپورٹ سامنے آئی ہے کہ وہ دو کروڑ سے زائد کی ٹیکس چوری میں ملوث ہیں۔ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق کینال روڈ پر واقع وکٹورین بینکوئیٹ کی سال 2017میں15لاکھ 35ہزار 213روپے کی ود ہولڈنگ ٹیکس چوری کرنا پکڑا گیا تھا۔ایف بی آر نے ٹیکس کی ادائیگی کے نوٹس دئیے مگر وکٹورین بینکوئیٹ کینال روڈ کے ’’محب وطن‘‘ مالکان نے ٹیکس اداکرکے قومی خزانہ بھرنے کی بجائے تاخیری حربے استعمال کرنا شروع کردئیے اور کئی ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک ٹیکس ادائیگی نہیں کی۔ایف بی آر رپورٹ کے مطابق کرسٹل میرج ہال کینال روڈ کے مالکان 82لاکھ ایک ہزار 251روپے کی ٹیکس نادہندہ ہیں۔ کیولیم بینکوئیٹ ہال پیپلز کالونی 30لاکھ 39ہزار 129روپے کی ٹیکس چوری پکڑی گئی تھی متعدد نوٹس جاری ہونے پر اس کے مالکان نے تین لاکھ دو ہزار روپے ٹیکس جمع کروا یا مگر بعد ازاں مزید رقم جمع کروانے کی بجائے تاخیری حربے استعمال کرنا شروع کر دئیے۔رائل پالم میرج ہال کینال روڈ کے ذمے 14لاکھ 6ہزار‘ 338روپے کا ٹیکس واجب الادا ہے مگر مسلسل نوٹس ملنے کے باوجود اس کے مالکان نے جمع نہیں کروایا۔حنیف راجپوت کیٹرر لائلپور جم خانہ کینال روڈ 2لاکھ 98ہزار ‘ 673روپے کے ‘ کے کے مارکی کینال روڈ پانچ لاکھ 49ہزار 71روپے‘ سٹی میرج ہال بکر منڈی روڈنزد بدر بیکری کے مالکان تین لاکھ 25ہزارکے‘ رائلٹن ہوٹل ویسٹ کینال روڈدو لاکھ 89ہزار 617روپے کے‘ کیولیم میرج ہال ایکس بلاک مدینہ ٹاؤن نزد مجاہد ہسپتال ڈیڑھ لاکھ روپے کے‘ دی مارکی (ڈینسٹی مارکی) سوک سنٹر شیخوپورہ روڈکے مالکان سات لاکھ‘ 39ہزار ‘ 832روپے کے‘ کیولیم مارکی کوہ نورکے مالکان19لاکھ 91ہزار132روپے کے‘ اریب میرج ہال شیخ کالونی کے مالکان ایک لاکھ64ہزار‘ 697روپے کے‘ مدینہ میرج ہال غلام محمد آباد دو لاکھ 39ہزار‘ 402روپے کے ‘ اوکیژن میرج ہال بٹالہ کالونی ایک لاکھ 9ہزار‘ 808روپے کے نادہندہ ہیں۔ ان کے علاوہ فور سٹار میرج ہال پرتاپ نگر جھنگ روڈ‘ گولڈن سپنا میرج گارڈن اشرف پورہ منصور آباد‘ الحبیب میرج ہال رضا آباد نڑوالہ روڈ‘ دی فرینڈز بینکوئیٹ ہال اے بی سی پل بکر منڈی روڈ بھی ٹیکس نادہندگان میں شامل ہیں۔ ایف بی آر حکام انہیں متعدد مرتبہ ٹیکس نوٹس جاری کرچکے ہیں مگر ان میرج ہالوں کے’’ محب وطن‘‘ مالکان ٹیکس ادائیگی کرکے قومی خزانے کو بھرنے اور حکومت کے ہاتھ مضبوط کرنے کی بجائے تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔

Related posts