ن لیگی ڈپٹی میئر چوہدری سرور کیلئے ووٹ خریدنے لگا


فیصل آباد(احمد یٰسین)فیصل آباد سے تعلق رکھنے والا مسلم لیگ ن کا ایک ڈپٹی میئر سینٹ الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری سرور کیلئے ووٹ خریدنے کی کوشش کر رہا ہے۔ نیوزلائن کے مطابق ن لیگ کا یہ ڈپٹی میئر چوہدری سرور کے انتہائی قریب سمجھا جاتا ہے اور دونوں رئیل سٹیٹ کے کاروبار میں پارٹنر بھی ہیں۔بلدیاتی الیکشن میں یہ میئر کا بھی امیدوار تھا تاہم صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی حکمت عملی کے باعث انہیں صرف ڈپٹی میئر تک ہی محدود رہنا پڑا۔سینٹ الیکشن میں چوہدری سرور کے پی ٹی آئی کا امیدوار بننے کے بعد یہ ن لیگی رہنما پارٹی کو پس پشت ڈال کر اپنے پرانے مہربان کی کامیابی کیلئے سرگرم ہیں۔ ان کیلئے ن لیگی ووٹ توڑنے اور اس کیلئے ڈیل کروانے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ ن لیگی ڈپٹی میئر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے تین ایم پی ایز کو سینٹ میں ووٹ کیلئے پیشکش بھی کرچکے ہیں ۔ تاہم ن لیگ کی سخت پالیسی اور ایم پی ایز پر نظر رکھے جانے کی وجہ سے ابھی تک انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی مگر وہ اپنی کوشش میں مسلسل لگے ہوئے ہیں ۔ چوہدری سرور کیلئے ووٹ پکے کرنے کیلئے وہ مختلف تعلق اور پیشکشیں استعمال کر رہے ہیں۔چوہدری سرور کو بھی انہوں نے دو ووٹ کی کنفرم یقین دہانی کروائی ہے جبکہ تیسرے کیلئے کوشش جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

Related posts