ضلع کونسل کا اجلاس‘ ارکان سے ترقیاتی سکیمیں طلب


فیصل آباد(نیوزلائن)ضلع کونسل کا اجلاس وائس چےئرمین ضلع کونسل رانا ذوالفقارخاں کی صدارت میں نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم آرٹ کونسل میں منعقدہوا جس میں چےئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر نے اجلاس کا ایجنڈاپیش کیا۔وائس چےئرمین خالد پرویز ورک،رائے فیاض حسین،چیف آفیسر نعیم اللہ وڑائچ کے علاوہ یونین کونسلز کے چےئرمین صاحبان بھی موجود تھے۔چےئرمین ضلع کونسل نے ایوان کو ضلع کونسل کی ششماہی کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جولائی سے دسمبر 2017ء کے دوران مختص کردہ فنڈز سے ضلع کونسل کی حدود میں آنے والی 692ترقیاتی سکیموں میں سے 466منصوبے مکمل کرائے گئے جبکہ دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 46واٹر فلٹریشن پلانٹ فنکشنل ہیں جن کی مسلسل دیکھ بھال وحفاظت کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسی عرصہ کے دوران مختلف دستیاب جگہوں پر 19سو پودے لگائے گئے۔علاوہ ازیں ظفر چوک سمندری اور سمندری روڈ نیاموآنہ میں دونرسریاں قائم کی گئیں جن میں مختلف انواع کے 16ہزار700پودے تیار کئے گئے ہیں جبکہ جڑانوالہ روڈپر مکوآنہ میں 11کنال رقبہ پرنئی نرسری تیار کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل کی آمدن میں اضافہ کیلئے بعض ٹیکسز کانفاذ عمل میں لایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ 189دیہی یونین کونسلز میں خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے دوسرے مرحلے پرعملدرآمد کے سلسلے میں اچھی ساکھ کے حامل ٹھیکیداروں کی ضرورت کے لئے ٹینڈرنگ کی گئی ہے اور حکومت پنجاب نے صاف دیہات پروگرام پراس کی روح کے عین مطابق عملدرآمد کے لئے پانچ تحصیلوں کو تین کلسٹرز میں تقسیم کیا ہے۔پہلے کلسٹر میں جڑانوالہ،دوسرے میں تحصیل صدر اور چک جھمرہ جبکہ تیسرے کلسٹر میں سمندری اور تحصیل تاندلیانوالہ شامل ہیں اور تحصیل جڑانوالہ میں صفائی پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں کنٹریکٹر کا انتخاب کرلیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ منتخب ہونے والے ٹھیکیدار متعلقہ چےئرمین صاحبان کو اعتماد میں لے کر مشاورت کویقینی بنائیں گے اور باہمی تعاون سے خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے دوسرے مرحلے کو بھی کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا۔چےئرمین ضلع کونسل نے کہا کہ ضلع کی تعمیر وترقی اور عوامی خدمت کے مشن میں تمام ایوان کو بلاتفریق ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور اراکین ضلع کونسل کے مشوروں اوررہنمائی کی ہمیشہ ضرورت رہے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں وسائل کی کمی کے باوجود ٹارگٹ پورے کئے اورہر شعبہ میں اہداف سے زائد ریکوری کی گئی۔انہوں نے ضلع کونسل کے آئندہ بجٹ میں ہر دیہی یونین کونسل کے لئے 30/30لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا اورچےئرمین صاحبان سے کہا کہ وہ اپنے علاقوں میں سکیمیں تیار کرکے بھجوائیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور آئندہ بھی اس مشن کی تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ضلع کونسل کے اجلاس کے دوران نیلام برائے کرایہ داری کمرشل پراپرٹیز ملکیتی ضلع کونسل،پلان برائے تعمیر دکانات اڈاستیانہ بنگلہ اور بچیانہ،لیاقت روڈپر کثیر المنزلہ کمرشل منصوبہ بنانے،ضلع کونسل کی مقبوضہ جائیدادوں کو بہتر استعمال میں لانے اور ادارہ کی آمدن میں اضافے وقبضہ مافیا سے محفوظ رکھنے کے لئے ان کے گرد چاردیواری کرانے،تھڑہ جات اڈا اواگت بنگلہ جڑانوالہ کی کرایہ داری میں مزید عرصہ پانچ سال کی توسیع،زرعی اراضیات کی نیلامی،لوکل گورنمنٹ کی دکانوں/ملکیت کے موجودہ کرایہ جات کومارکیٹ کے حساب سے دوبارہ تعین کرنے اور سابقہ معاہدہ جات کی بجائے نئے معاہدے،لائسنس فیس،سٹور میں ناکارہ اشیاء/ردی وغیرہ کو نیلام کرانے،بعض منصوبوں کے دوبارہ ٹینڈرز طلب کرنے،روڈ رولرز کرایہ پر حاصل کرنے،چےئرمین یونین کونسل 96اور142کی طرف سے اے ڈی پی کی سکیمیں تبدیل کرانے ودیگرآئٹمنزایوان میں منظوری کے لئے پیش کئے گئے جنہیں کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا جبکہ چےئرمین یحیے ناصر کی طرف سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت چار سکیموں کے ٹینڈرز دوبارہ اشاعت کرانے کا معاملہ دیگر ارکان کی منظوری سے آئندہ بجٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے دوران میلہ منڈی مویشیاں نیاموآنہ کے معاملات،کھرڑیانوالہ چک جھمرہ بائی پاس کی تعمیر ودیگر امور بھی زیر بحث آئے۔وائس چےئرمین ضلع کونسل رانا ذوالفقار خاں نے کہا کہ اجلاس کی صدارت ان کے لئے اعزاز کی بات ہے ان کی بھرپور کوشش ہوگی کہ بہتر روایت قائم اور اراکین کی طر ف سے اٹھائے گئے مسائل حل کئے جائیں گے۔بعدازاں اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

Related posts