رفحان میز پراڈکٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ ٹیکس چور ی میں ملوث


فیصل آباد(احمد یٰسین) فوڈ مصنوعات بنانے میں پاکستان کا بڑا نام رفحان میز پراڈکٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ کے بھی ٹیکس چوری میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف بی آر نے اس حوالے سے کمپنی کو متعدد نوٹس جاری کئے ہیں مگر کمپنی پکڑی جانیوالی ٹیکس چوری پر چوری اور سینہ زوری کا طریقہ کار اپنا کر چور ی کیا گیا ٹیکس ادا کرنے سے گریزاں اور تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔نیوزلائن کے مطابق پاکستان بھر میں فوڈ مصنوعات کی تیاری میں بڑا نام سمجھا جانیوالی کی کمپنی رفحان میز پراڈکٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ کی ٹیکس چوری سامنے آئی ہے۔ رفحان میز کی اڑھائی کروڑروپے سے زائد کی ٹیکس چوری فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سیلز ٹیکس کی ادائیگیوں اور کمپنی کے ریٹرن‘ اخراجات‘ آمدن ‘ مصنوعات کی تیاری کیلئے استعمال ہونے والے خا م مال اور دیگر دستاویزات کی انسپکشن کر کے پکڑی۔ ایف بی آر کے ریکارڈ کے مطابق رفحان کی دو کروڑ ستاون لاکھ روپے سے زائد کی ٹیکس چوری چار سال پہلے پکڑی گئی جس کے بعد سے کمپنی کو متعدد بار ادائیگی کے نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں مگر رفحان میز کی انتظامیہ ادائیگیوں سے گریزاں ہے اور تاخیری حربے استعمال کررہی ہے۔واجب الادا ٹیکس کی وصولی کیلئے ایف بی آر حکام متعدد مرتبہ رفحان میز کی انتظامیہ کیخلاف کارروائی کرچکے ہیں مگر بڑا صنعتی گروپ ہونے اور ایوان اقتدار میں اس کے ہمدردوں کی موجودگی کی وجہ سے اسے ہر مرتبہ رعائت مل جاتی ہے ۔

Related posts