نااہل رائے حسن نواز چوہدری ظہیر کو پی ٹی آئی میں لے گئے


فیصل آباد(نیوزلائن)مسلم لیگ ق کے پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور چوہدری پرویز الہٰی کے قریبی ساتھی چوہدری ظہیرالدین خاں تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں۔ کپتان کے ہمراہی بننے کا اعلان انہوں نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات میں کیا۔ چوہدری ظہیرالدین خاں کو پی ٹی آئی میں شامل کروانے میں پی ٹی آئی ویسٹ پنجاب کے سابق صدر اور نااہل ایم این اے رائے حسن نواز نے اہم کردار ادا کیا۔ چوہدری ظہیر متوقع طور پر این اے 102 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے۔نیوزلائن کے مطابق چوہدری ظہیرالدین خاں کا طویل عرصہ پیپلز پارٹی میں شامل رہے مگر مشرف دور میں پارٹی کو چھوڑ کر مسلم لیگ ق میں شامل ہوگئے اور چوہدری پرویز الہٰی کی آنکھ کا تارا بن گئے۔ وہ لمبے عرصے تک مسلم لیگ ق کے صوبائی جنرل سیکرٹری بھی رہے۔ چوہدری ظہیرالدین نے الیکشن 2013میں این اے 77قومی اسمبلی کے الیکشن میں حصہ لیا تھا مگر اب نئی حلقہ بندیوں میں یہ حلقہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ۔ چوہدری ظہیرالدین خاں کے حوالے سے سیاسی حلقوں میں خبر سرگرم تھی کہ وہ این اے 102جڑانوالہ سے الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔ اس کیلئے وہ کسی پلیٹ فارم کی تلاش میں تھے۔ پی ٹی آئی ویسٹ پنجاب کے سابق صدر اور ناہل ایم این اے رائے حسن نواز کے ذریعے انہوں نے پی ٹی آئی قیادت سے رابطہ کررکھا تھا۔ ان کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کے حوالے سے کئی روز سے خبریں سرگرم تھیں مگر وہ مسلسل تردید کررہے تھے مگر اب انہوں نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کرکے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔پی ٹی آئی حلقوں کے مطابق جڑانوالہ میں پی ٹی آئی کے پہلے ہی چار قومی اسمبلی کے امیدوار موجود ہیں۔ چوہدری ظہیر کے شامل ہونے سے پی ٹی آئی کے اندر ایک نئی لڑائی چھڑ جائے گی۔

Related posts