شہری کو اغواء کرنے پر ساہیوال پولیس کیخلاف مقدمہ درج

فیصل آباد(نیوزلائن) فیصل آباد میں غیرقانونی کارروائی کرنے اور شہری کو اغواء کرکے ساہیوال لے جانے پر ساہیوال پولیس کے تھانیدار ‘ پولیس ٹیم اور جیل اہلکار کے خلاف فیصل آباد پولیس نے عدالتی حکم پر مقدمہ درج کر لیا ہے ۔نواحی علاقے چک نمبر119گ ب کے رہائشی محمد اقبال نے پولیس کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ وہ اپنی بیوی بچوں کے ہمراہ سلطان ٹاؤن میں رہائش پذیر تھا کہ 8فروری کو ساہیوال پولیس کے تھانیدار صبح صادق نے سات دیگر پولیس اہلکاروں اور ایک جیل اہلکار عبدالرزاق کے ہمراہ گاڑی نمبر SLG-1053پر آئے اور بغیر اجازت میرے گھر میں گھس گئے ۔ پولیس پارٹی نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایااور گھر میں توڑ پھوڑ کی ‘گھر سے نقدی‘ زیورات اور دیگر سامان اٹھا لیااور مجھے ساہیوال لے گئے ۔جہاں اے ایس آئی صبح صادق ‘جیل ملازم عبدالرزاق و دیگر نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا ۔ جس کی وجہ سے میری ایک ٹانگ کی پنڈلی کی ہڈی بھی ٹوٹ گئی ۔پولیس نے اس کی درخواست پر کارروائی نہ کی تو اقبال نے ساہیوال پولیس کی فیصل آباد میں غیرقانونی کارروائی کیخلاف عدالت سے رجوع کر لیا۔ عدالت نے حالات و واقعات کا جائزہ لینے کے بعد حکم جاری کیا کہ غیرقانونی کارروائی کرنے پر ساہیوال کی پولیس ٹیم نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے ۔ اس کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے ۔ فیصل آباد پولیس نے عدالتی حکم پر ساہیوال پولیس کے تھانیدار اور دیگر اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔

Related posts